بھارت نے اپنی فورسز کومقبوضہ علاقے میں قتل وغارت کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے‘ اشرف صحرائی

اتوار 21 اکتوبر 2018 14:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھو ں ضلع پلوامہ میں ایک حاملہ خاتون اور بارھمولہ میں دو نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپنی فورسز کومقبوضہ علاقے میں قتل وغارت کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز خواتین ، بچوں اور معمر افراد کا بھی کوئی پاس اور لحاظ نہیں رکھ رہیں اور انہیں بھی بہیمانہ کارروائیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے تما م تر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں ہرگز کامیاب نہیںہو گا۔ انہوںنے شہید خاتون اور نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔