Live Updates

آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرکا یوم تاسیس،جامعہ کشمیر میں کاروان حق خودارادیت کے نام سے اہم قومی سمینار کے انعقاد کیلئے تیاریاں جاری، انتظامات کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔

اتوار 21 اکتوبر 2018 14:50

مظفرآباد۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرکا یوم تاسیس،جامعہ کشمیر میں کاروان حق خودارادیت کے نام سے اہم قومی سمینار کے انعقاد کیلئے تیاریاں جاری، انتظامات کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ قومی سمینار میں صدر ریاست،وزیر اعظم سمیت دیگر اہم شخصیات مدعو ہیں۔

ترجمان جامعہ کشمیر کے مطابق 24اکتوبر کے دن کو ریاست کا یوم تاسیس منایا جارہا ہے، اس موقع پربھرپور ملی جوش و خروش و جذبہ حریت کشمیر و تحریک تکمیل واستحکام پاکستان کو مزید تقویت دینے کی غرض سے وائس چانسلر آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کی خصوصی ہدایات اور پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل ڈین فیکلٹی آف آرٹس کی نگرانی میں آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی اور جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام 24اکتوبر کوکاروان حق خود ارادیت کے عنوان سے ایک قومی سطح پر سیمینار کا انعقاد کیا جارہا ہے ، اہم قومی سمینار میں آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم سمیت وزرائے کرام ، دانشور، سیاسی و مذہبی جماعتوںکے رہنما، پروفیسرز، اسکالرز ،ماہرین تعلیم سمیت علمی وادبی ، صحافتی ، سیاسی و سماجی مکاتب فکر شریک ہوں گے ۔

(جاری ہے)

یہ تقریب پانچ سیشنز پرمشتمل ہو گی ۔ افتتاحی سیشن کا آغاز دن 11بجے چہلہ کیمپس میں ہوگا ،جس میں صدر ریاست سردار محمدمسعود خان مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کریں گے ۔ تقریب کے دوسرے سیشن میں آزاد کشمیر کی پانچوں جامعات کے طلباء تحریک حریت کشمیر کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے ۔ تقریب کا تیسرا سیشن سکالرز پاکستان کے معروف سفارتکار عارف کمال کی زیر صدارت منعقد ہو گا جس میں جامعہ کشمیر کی جانب سے کوآرڈی نیٹر شعبہ قانون میر عدنان رحمان ، ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ سجادلطیف ، ڈاکٹر عاصمہ شاکر فیکلٹی ممبر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ، ڈاکٹر ادریس عباسی سیکرٹری آزاد حکومت ، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی سے ڈاکٹر محمد خان اور معروف سکالر پروفیسر ڈاکٹر مقصود جعفری اظہار خیال کریں گے جبکہ چوتھے سیشن جو تحریک حریت کشمیر کے حوالے سے سب سے اہم ہو گا اس میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے زعماء اور عمائدین جن میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی طرف سے فیض نقشبندی ، جماعت اسلامی سے عبدالرشید ترابی ، تحریک انصاف سے خواجہ فاروق احمد ، پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے چوہدری لطیف اکبر ، جموں وکشمیر پیپلزپارٹی کی طرف سے سردار خالد ابراہیم اور مسلم کانفرنس کی طرف سے سردار عتیق احمد خان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی پارٹی حکمت عملی بیان کریں گے۔

تقریب کے سب سے آخری سیشن میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور جامعہ کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدکلیم عباسی کا خطاب ہوگا۔سمینار کے انعقاد کیلئے بنائی جانے والی کمیٹیوں نے اپنی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات