ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساہیوال نے عوام الناس کی سہولت کیلئے انفارمیشن سنٹر (کیوسک مرکز ) کا افتتاح کر دیا

انگریزی برانچ اور نقول برانچ سیشن کورٹس ساہیوال کا ریکارڈ کیوسک مرکزسے منسلک کردیا گیا

اتوار 21 اکتوبر 2018 15:40

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساہیوال رانا مسعود اختر نے عوام الناس کی سہولت کیلئے انفارمیشن سنٹر (کیوسک مرکز ) کا افتتاح کر دیا۔انگریزی برانچ اور نقول برانچ سیشن کورٹس ساہیوال کا ریکارڈ کیوسک مرکزسے منسلک کردیا گیا ۔ عوام الناس اب اپنے مقدمات کے سلسلے میں مکمل معلومات یعنیFIR مقدمہ ، پیشی لسٹ(بشمول کاروائی سابقہ و آئیندہ تواریخ پیشی) مصدقہ نقول کی تیاری و فراہمی، زیر سماعت مقدمات میں ملوث ملزمان کی طرف سے فائل کیے جانیوالے وکالت ناموں کی تصدیق محض ایک کلک پرعوام الناس کو بہم پہنچائی جائیں گی -یہ بات انہو ںنے اپنے دفتر سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں بتائی -انہو ںنے کہا کہ عوام الناس کو مندرجہ بالا معلومات تک رسائی کیلئے عدالتوں کے بار بار چکر کانٹنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

(جاری ہے)

انہو ںنے جوڈیشل کمپلیس ساہیوال میں ایک میڈیکل سنٹر کا بھی افتتاح کیا جس میں ایک ڈاکٹر اور ڈسپنسر تعینات کیا گیا ہے جوعوام الناس اورعدالتی ملازمین وافسران کو ابتدائی طبّی امداد اور معمولی امراض کی تشخیص و علاج معالجہ کی تمام سہولیات فراہم کریگا۔انہو ںنے سینئر سول جج (ایڈمن)شکیل احمد گورایہ اور سپرنٹنڈنٹ زاہد شفیع کی خصوصی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسے کارہائے خیر کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر تمام معزز جج صاحبان ،صدرڈسٹرکٹ بار کونسل ساہیوال چوہدری محمد انور ،ممبر پنجاب بار کونسل مہر قطب الدین طارق ، چوہدری سعود ایاز گجر، سیکریٹری ڈسٹرکٹ بار کونسل ساہیوال و دیگر ممبران بار کونسل، نمائیندگان سول سوسائٹی و اہلکاران موجود تھے۔