ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جسٹس پشاورہائیکورٹ سیّد ارشد علی کے اعزاز میںتقریب کا انعقاد

اتوار 21 اکتوبر 2018 16:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جسٹس پشاورہائیکورٹ سیّد ارشد علی کے اعزاز میںتقریب کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ کے جسٹس محمد عتیق شاہ، ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخواہ عبدالطیف خان یوسفزئی، سیشن جج اور ہزارہ بھر سے وکلاء نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ہائیکورٹ بار کے صدر محمد ارشد اعوان نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن جسٹس سیّدارشد علی کو گرانقدر خدمات پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ جنہوں نے مثالی فیصلے دیئے۔ جس سے قانون اور انصاف کا بول بالا ہوا۔ انہوں نے ایبٹ آباد میں محتسب کی عدالت کے قیام کیلئے کوششوں پر روشنی ڈالی۔ تقریب سے خطاب کے دوران جسٹس سیّد ارشد علی نے ہزارہ بھر کے وکلاء کی جانب سے عدالت کیساتھ مکمل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ہزارہ کے وکلاء کی طرف سے قانونی معاونت اور وکلاء کی قابلیت کو بھی سراہا۔لائبریری سیکرٹری وقاص خان جدون نے تقریب کے جملہ انتظامات مکمل کئے ۔جس پر ہائیکورٹ بار کی کابینہ نے ان کے احسن انتظامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔