قطر کا سفارتخانہ پاکستان کی افرادی قوت کی سہولت کیلئے خصوصی سہولت مرکز قائم کر رہاہے ، سہولت مرکز سے پاکستانیوں کو ویزہ کے اجراء اور روزگار کے حصول میں معاونت فراہم کی جائے گی

معاون خصوصی برائے ترقی انسانی وسائل اور سمندر پار پاکستانی سید ذوالفقار بخاری کی ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت

اتوار 21 اکتوبر 2018 17:10

قطر کا سفارتخانہ پاکستان کی افرادی قوت کی سہولت کیلئے خصوصی سہولت مرکز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) قطر کا سفارتخانہ پاکستان کی افرادی قوت کی سہولت کیلئے خصوصی سہولت مرکز قائم کر رہاہے تاکہ پاکستانیوں کو ویزہ کے اجراء اور روزگار کے حصول میں معاونت فراہم کی جا سکے۔معاون خصوصی برائے ترقی انسانی وسائل اور سمندر پار پاکستانی سید ذوالفقار بخاری نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ سہولت مرکز سے ویزہ کے حصول میں آسانی پیدا ہو گی اور زرمبادلہ کے حصول میں بھی اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی کی کاوشوں کے نتیجہ میں قطر کے سفارتخانہ نے سہولت مرکز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر میں پاکستانیوں کے روزگار کے حصول میں اضافہ سے قومی معیشت کی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر اپنے دوطرفہ روابط کو مستحکم بنانے کے خواہش مند ہیں یہی وجہ ہے کہ قطرنے 8 دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان میں خصوصی سہولت مرکز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں 8 ممالک میں ایسے مراکز قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ افرادی قوت کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر میں ایک لاکھ سے زائد پاکستانی کام کر رہے ہیں جبکہ مزید افرادی قوت کو بھی قطر بھیجنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔