پولیس کو دھمکانے والی خاتون آج میڈیا کے سامنے بھیگی بلی بن گئی

خاتون میڈیا کے طنز و تیز سوالات کے جوابات دینے سے قاصر،14روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 21 اکتوبر 2018 17:13

پولیس کو دھمکانے والی خاتون آج میڈیا کے سامنے بھیگی بلی بن گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2018ء)  گذشتہ روز پولیس سے بدتمیزی کرنے والی خاتون کو جیل بھیجنے کے بجائے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔خاتون نے کل ڈپلومیٹک انکلیومیں پولیس کو دھمکیاں دیں اور بدتمیز ی بھی کی۔جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوئی۔ پولیس کو دھمکیاں دینے والی خاتون ڈاکٹر شہلا کو راولپنڈی ڈی ایچ اے فیزٹو سے گرفتار کیا گیا اور  تھانہ وومن اسلام آباد منتقل کیا گیا۔

آج ڈاکٹر شہلا کو ڈیوٹی جج کے رو برو پیش کیا گیا۔خاتون کا 14روزہ جوڈیشل ریمانڈر منظور کیا گیا ہے۔اس موقع پر جب انہیں عدالت پیش کیا تو وہ مکمل پردے میں تھیں۔اور میڈیا نے ان سے بات کرنا چاہی تو انہوں نے کسی بات کا جواب نہیں دیا۔جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ گذشتہ روز پولیس کو دھمکیاں دینے والی خاتون آج بھیگی بلی بن گئی اور میڈیا کے طنز و تیز سوالات کے جوابات نہیں دے پائی۔

(جاری ہے)

ملزمہ ڈاکٹر شہلا کے وکیل نے درخواست ضمانت دائر کی۔ وکیل کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں درج تمام دفعات قابل ضمانت ہیں۔میری موکلہ دل کی مریضہ ہیں اور دباؤ میں ذہنی حالت مفلوج ہو جاتی ہے۔میری موکلہ بیرون ملک سے کافی عرصے بعد پاکستان آئیں۔پولیس اہلکاروں نے رہنمائی کرنے کی بجائے دباؤ کا ماحول بنا دیا۔عدالت نے خاتون کا چودہ روز جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا اور خاتون کو کل متعلقہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

خاتون کا میڈیکل چیک اپ بھی کیا گیا جس کے بعد انہیں جیل کی بجائے آئی سی یو منتقل کیا گیا،واضح رہے ڈاکٹر شہلا شکیل سیٹھی امریکا میں ڈاکٹر رہی ہیں اور حال ہی میں وطن واپس آئی ہیں۔مذکورہ پولیس افسر نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ڈاکٹر شہلا نامی خاتون نے بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی کے ساتھ ڈپلومیٹک انکلیو کے اندر جانے کی کوشش کی اور روکنے پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی کی اورسنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔