مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجیوں نے کولگام میں 9نوجوان شہید کر دیئے

قابض فورسزکے ہاتھوں بیسیوں افراد زخمی، نوجوانوں کی شہادت پر کل ہڑتال کی اپیل

اتوار 21 اکتوبر 2018 17:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران اتوار کو ضلع کولگام کے علاقے لارو میں9نوجوان شہید کر دیئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوج ، سینٹرل ریزو پولیس فورس اور سیشل آپریشن گروپ نے لارو میں محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران ایک رہائشی مکان کو گولہ بار ی کے ذریعے تباہ کر دیا جس کے ملبے سے 3 نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئیں ۔

قابض فورسز کے آپریشن کے بعد علاقے کے لوگ جب تباہ شدہ مکان کا ملبہ ہٹا رہے تھے تو ایک ان پھٹے گولے کے دھمکاکے کے نتیجے میں 1 نوجوان موقع پر شہید جبکہ متعد د زخمی ہو گئے جن میں سے 2بعد میں ہسپتال میں دم توڑ بیٹھے۔ قابض بھارتی فورسز نے محاصرے کی کارروائی کے دوران پر امن مظاہرین پر فائرنگ کر کے بیسیوں افراد کو زخمی کر دیا جن میں سی3 ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اسی علاقے میںایک جھڑپ میں دو بھارتی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔قابض انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت پر بھارت مخالف مظاہروں کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ضلع کولگام میں پابندیاں فافذ کر دیں جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔دریں اثنا سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے نوجوانوں کی شہادت پر کل بروز پیر مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔

کشمیر اکنامک الائنس نے ہڑتا ل کی کال کی حمایت کی ہے۔الائنس کے چیئرمین محمد یاسین خان نے ایک بیان میںبے گناہ نوجوان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز ایک منصوبہ بند طریقے سے کشمیری کا قتل عام کر رہی ہیں ۔حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے اپنے ایک ٹویت میں لکھا’’ کولگام میں آج کربلا جیسے مناظر دیکھے گئے ۔ انہوں نے لکھا آخر کب تک کشمیریوں کا خون یوں ہی گرتا رہے گا۔