صوابی، خیبرپختونخوا حکومت عوام کو بہترین اور مثالی بلدیاتی نظام دینے پر کام کر رہی ہے،شہرام خان ترکئی

اتوار 21 اکتوبر 2018 18:00

صوابی۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی ، سینیٹر لیاقت خان ترکئی ، ایم این اے عثمان خان ترکئی اور ایم پی اے محمد علی امیر نے کہا ہے کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے آدینہ سے چھوٹا لاہور تک پچیس کلو میٹر روڈ کی کشادگی کا منصوبہ صوابی کے عوام کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے ۔

آباسین یونین آف جرنلسٹس کے پروگرام ''رابطہ''میں اظہار خیال کر تے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ضلع صوابی میں اربوں روپے کی لاگت سے تر قیاتی منصوبے عوام کی خوشحالی اور علاقے کی ترقی کے لئے ہیں موجودہ دور میں ضلع بھر میں تر قیاتی منصوبوں کا جال بچھائیں گے ضلع صوابی اور خصوصاً این اے 19صوابی2کے گھر گھر گیس پہنچانا اور بجلی کی فراہمی ہمارا مشن ہے ۔

(جاری ہے)

شہرام خان ترکئی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت میں مالی سال کے بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود خصوصاً سماجی شعبوں خصوصاً صحت ، امن و امان ، تعلیم ، بلدیاتی نظام میں اصلاحات ، شاہرائوں اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور خوشحالی اور بلین ٹری سونامی جیسے منصوبوں پر خاص توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے 2013کے عام انتخابات میں عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے ان وعدوں ، منشور اور اپنی مالی وسائل کو سامنے رکھتے ہوئے ایک بہترین اور مثالی بجٹ پیش کیا جس میں عوام پر کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگایا گیا بلکہ اس میں ٹیکس اکٹھا کرنے کے نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی تاکہ زیادہ سے زیادہ ریونیو اکٹھا کر کے عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر خرچ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت لوگوں کو ایک بہترین اور مثالی بلدیاتی نظام دینے پر کام کر رہی ہے جس میں تعلیم اور صحت سمیت خدمات کے دیگر شعبوں کو دوسری سطح پر منتقل کیا جائیگا تاکہ لوگو ں کے بنیادی مسائل ان کے دہلیز پر حل ہو سکے اور عوامی خدمت کے لئے ایک موثر اور فعال نظام مقامی سطح پر دستیاب ہو جس کے لئے محکمہ بلدیات دیگر تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کے ساتھ مشاورت اور بلدیاتی نظام کے موجودہ قوانین میں ضروری تر امیم پر بھی کام کر رہی ہے ۔