Live Updates

وزیراعظم عمران خان ملک کو درپیش معاشی بحران کے حل کیلئے خود بھی متحرک ہو گئے

عمران خان منگل کو سعودی عرب کا دورہ کرینگے،مستقبل میں سرمایہ کاری منصوبے کے بارے میں کانفرنس میں شرکت کرینگے وطن واپسی پر سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کیساتھ اعلی سطحی ملاقاتیں ہونگی ،28اکتوبر کو ملائشیا ء جائینگے،تعلقات اور معاشی تعاون پر بات کرینگے وزیراعظم عمران خان3نومبر کو چین روانہ ہوں گے جہاں وہ چینی قیادت کے ساتھ سی پیک اور معاشی تعاون پر تفصیلی گفت وشنید کرینگے‘ میڈیا رپورٹس

اتوار 21 اکتوبر 2018 19:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) وزیراعظم عمران خان ملک کو درپیش معاشی بحران کے حل کیلئے خود بھی متحرک ہو گئے ،اس مقصد کے لیے وہ رواں ماہ سعودی عرب اور ملائشیاء اور نومبر کے آغاز میں چین کا دورہ کریں گے ۔سرکاری ریڈیو کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل (منگل) کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے جہاں وہ ریاض میں مستقبل میں سرمایہ کاری منصوبے کے بارے میں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان شاہ سلمان بن عبد العزیز کی خصوصی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں۔ صحرا میں ڈیووس کے نام سے ہونے والی کانفرنس ممتاز کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں، بڑے کارپوریٹ اداروں اور جدید ٹیکنالوجی کی صنعت اوربڑے صحافتی اداروں کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر لائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کانفرنس کے پہلے روز کے سیشن میں شرکت کریں گے جس کا مقصد پاکستان میں اقتصادی اور سرمایہ کاری کے مواقع اور اگلے پانچ سال کیلئے اس کے وژن کو اجاگر کرنا ہے۔

کانفرنس پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند اہم تاجر رہنماوں کو رابطے کا موقع فراہم کرے گی۔عمران خان شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔سعودی عرب سے واپسی پر وزیراعظم آئندہ 3 روز سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے ساتھ اعلی سطح کی ملاقاتیں کریں گے۔وزیر اعظم 28 اکتوبر کو ملائشیا ء جائیں گے جہاں وہ پاک ملائشیاء ء تعلقات اور معاشی تعاون پر بات کریں گے۔وزیراعظم عمران خان3 نومبر کو چین روانہ ہوں گے جہاں وہ چینی قیادت کے ساتھ سی پیک اور معاشی تعاون پر تفصیلی گفت وشنید کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات