نئی حکومت میں بھی کشمیر کمیٹی کی عدم فعالیت افسوسناک ہے،صاحبزادہ حامد رضا

حکومت کشمیر کمیٹی کو فعال کر کے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی سطح پر موثر مہم چلائے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے، چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان

اتوار 21 اکتوبر 2018 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نئی حکومت میں بھی کشمیر کمیٹی کی عدم فعالیت افسوسناک ہے۔ حکومت کشمیر کمیٹی کو فعال کر کے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی سطح پر موثر مہم چلائے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ دنیا میں انسانی حقوق کی سب سے زیادہ خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں ہو رہی ہیں۔ بھارت نے پوری مقبوضہ وادی کشمیر کو جیل میں بدل دیا ہے۔ آذادی کی جنگ لڑنے والے کشمیری حریت پسند دہشت گرد نہیں فریڈم فائیٹر ہیں۔ بھارت تمام تر ظلم و تشدد کے باوجود تحریک آذادی کشمیر کو ختم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

سات لاکھ بھارتی فوج نے مظلوم کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے محکوم کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مفتی وسیم رضا کی قیادت میں ملاقات کرنے والے کشمیری علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت ہر پاکستانی سفارت خانے میں کشمیر ڈیسک قائم کرے۔

مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہے۔ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک بھارت سے دوستی اور تجارت ممکن نہیں۔ بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لئے مستقل خطرہ بن چکا ہے۔ بھارت آئے روز کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ حق خود ارادیت کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بہت جلد آذادی کا سورج طلوع ہو گا۔ پاکستانی حکومت کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کے لئے اقدامات کرے۔ بھارتی ہٹ دھرمی مسئلہ کشمیر کے حل میں بڑی رکاوٹ ہے۔ بھارت نے مزاکرات سے راہ فرار اختیار کر کے امن دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔