راولپنڈی کینٹ ، موٹر سائیکل اتوار بازار ٹریفک روانی میں رکاوٹ بن گیا

اتوار 21 اکتوبر 2018 20:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) راولپنڈی کینٹ کے علاقے فیصل کالونی میں موٹر سائیکل اتوار بازار ٹریفک روانی میں رکاوٹ بن گیا۔شہریوں کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ برداشت نہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم بائیس نمبر چونگی کے قریب کینٹ کے علاقے فیصل کالونی میں قائم غیر قانونی موٹر سائیکل بازار ٹریفک روانی میں سب سے بڑی رکاوٹ بن گیا اور اس سلسلہ میں ٹریفک وارڈنز بھی بے بس ہو گئے ۔

(جاری ہے)

دھمیال روڈ پر فیصل کالونی کے موٹر سائیکل اتوار بازار کے باعث گذشتہ روز بھی شام کے وقت بائیس نمبر چونگی سے ہارلے سٹریٹ تک ٹریفک کئی گھنٹے تک بند رہی اور سٹی ٹریفک پولیس کا خصوصی اسکواڈ بھی کہیں نظر نہ آیا ۔شہریوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل اتوار بازار کے موقع پر سڑک کے بیچوں بیچ موٹر سائیکل کھڑے کر دیئے جاتے ہیں جس سے ٹریفک روانی بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ فیصل کالونی موٹر سائیکل اتوار بازار کی انتظامیہ کو سڑک سے پیچھے رہنے کی ہدایت اور ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے اقدامات کیے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :