Live Updates

ملاکنڈ، سوات کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا میرا مشن ہے،محب اللہ خان

اتوار 21 اکتوبر 2018 20:00

ملاکنڈ۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت، لائیو سٹاک، فشریز اور کوآپریٹیوز محب اللہ خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے صاف و سرسبز پاکستان کے نام سے مہم نہیں بلکہ قومی تحریک کا آغاز کیا ہے جو ہردلعزیز بن چکی اور قوم کے درخشاں مستقبل اور خوشحالی کا ضامن بنے گی انکے محکمہ نے چاول اور گندم سمیت مختلف زرعی اجناس کی نئی اقسام دریافت کی ہیں جن میں لذیذ بیگمی چاول کی نئی قسم بھی شامل ہے جو کم پانی میں بھی بھرپور فصل دے سکتی ہے سوات کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا میرا مشن ہے پاکستان ایک زرعی ملک ہے اسی بنا پر دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبے لارہے ہیں، سوات کے عوام اور کاشتکاروں کیلئے زراعت، فشریز اور ویٹرنری کے شعبوں کو ترقی سے ہمکنار کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پختونخوا ایف ایم ریڈیو 98 سوات کے پروگرام ’’حال احوال‘‘میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔محب اللہ خان نے کہا کہ ماضی میں ویٹرنری، فشریز اور زراعت کے محکموںپر توجہ نہ دینے اور فرائض میں غفلت کی وجہ سے مختلف قسم کے مسائل کا سامنا رہا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا انکے ماتحت تمام شعبوں کا فوکس زرعی تحقیق اور دریافت و ایجادات پر ہے تاکہ متنوع تخم و کھاد اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو اور نت نئی بنجر اراضی کو زیرکاشت لایا جا سکے انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں پانی کا ضیاع روکنے کیلئے واٹر شیڈ مینجمنٹ کے تحت کاشتکاروں کی معاونت سے 7ارب روپے کا نیا پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے اسی طرح ایک ارب روپے کی لاگت سے پیرسباق زرعی تحقیقی مرکز میں زیتون شجرکاری منصوبہ کامیاب بنایا جا رہا ہے جس کے تحت زیتون کے 50لاکھ درخت لگائے جائیں گے جن میں سوات میں بھی 50ہزار درخت مفت تقسیم کرکے زیتون کے باغات قائم کئے جائیں گے جنکی آمدن پھلوں کے دیگر باغات سے زیادہ ہوگی اسکے علاوہ سوات میں سیب اور شفتالو کے سٹوریج کیلئے جدید مشینری کی تنصیب کا پلان بھی آخری مراحل میں ہے جس کی بدولت یہ دونوں پھل گل سڑ اور خراب نہیں ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ انکے محکمے میں کرپشن کی گنجائش نہیں تاہم انہوں نے محکمہ کے اہلکاروں اور افسران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہوتے ہوئے کسی کو کرپشن کی جرات نہیں ہوگی جولوگ اس جرم میں ملوث پائے گئے توان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی جبکہ اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو جزا بھی ملے گی، سوات میں پائے جانے والے دنیا کے لذیذ ترین ٹراؤٹ مچھلی کی افزائش کیلئے بھی موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اس سے سوات آنے والے مہمان اور مقامی لوگ مستفید ہونے کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہونے سے مقامی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پارٹی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق تمام اداروں میں اصلاحات لارہی ہے اور اسی کے تحت محکمہ زراعت وفشریز میں بھی اصلاحات کا عمل جاری ہے جس کے مثبت اثرات بہت جلد عوام کو نظر آئیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات