عوام دشمن حکومت اپنی نااہلی کا بوجھ غریب عوام پر ڈال رہی ہے ،جمال عارف سہروردی

اتوار 21 اکتوبر 2018 21:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2018ء) مسلم لیگ (ن ) کی مرکزی کونسل کے رُکن جمال عارف سہروردی نے کہا ہے کہ عوام دشمن حکومت اپنی نااہلی کا بوجھ غریب عوام پر ڈال رہی ہے ، ظلم بند نہ ہوا تو مہنگائی کے ستائے عوام سڑکوں پر آجائیں گے، موجودہ حکومت عوام کو پتھر کے زمانے میں دھکیل رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں جمال عارف سہروردی نے کہاکہ عوام دشمن حکومتی پالیسیوں نے کسان، محنت کش اور مزدوروں کی زندگی اجیرن بنادی ہے، ڈاکو ڈاکو کا شور مچانے والی حکومت عوام کے گھروں میں ڈاکہ ڈال رہی ہے، 60 دن کے سونامی کا یہ عالم ہے تو مزید 40 دن کیلئے عوام اپنے حفاظتی بند باندھ لیں، انہوں نے کہاکہ ملک میں تبدیلی کے نام پر تباہی آرہی ہے ، نواز شریف نے مسائل کے جن بوتل میں بند کئے موجودہ حکومت نے پھر مسلط کے جن عوام پر مسلط کردیئے ، جس دن عوام دشمن حکومت چور چور اور ڈاکو ڈاکو کا زیادہ شور مچائے اس دن غریب کے گھر بڑے ڈاکے کی تیار ہوتی ہے، انہوں نے کہاکہ گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے اسے فوری طورپر واپس لیاجائے، حکومت عوام کو پتھر کے زمانے میں دھکیل رہی ہے، عوام سوئی گیس اور بجلی کے بھاری بھرکم بل ادا نہیں کرپائیں گے، انہوں نے کہاکہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کیا عوام لکڑیاں جلاکر اپنی ضروریات پوری کریں گے۔