اوکاڑہ کینٹ ، ن لیگ نے دس سال میں پنجاب کو سات سو ارب سے زیادہ کا مقروض کر دیا ہے،چوہدری پرویز الہی

سرسبز، خوشحال، ترقی یافتہ، تعلیم یافتہ اور معاشی طور پرمستحکم پنجاب مسلم لیگ اور حکومتی اتحاد کا مشترکہ ویژن ہے،ضمنی انتخابات میں عوام کے ساتھ محبت اور خلوص کے رشتہ کی وجہ سے جماعت کو کامیابی حاصل ہوئی،سپیکر پنجاب اسمبلی

اتوار 21 اکتوبر 2018 21:40

اوکاڑہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2018ء) قائم مقام گورنر و سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے کہاکہ ن لیگ نے دس سال میں پنجاب کو سات سو ارب سے زیادہ کا مقروض کر دیا ہے۔ جب کہ ہم نے 2007 میں 100 ارب سے سر پلس چھوڑا تھا۔اور ہم نے اپنے دور میں 1122 طرز کے عوامی مفادات کے حامل کئی اداروں کی بنیاد رکھی جس سے عوام آج بھی استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔

حالیہ ضمنی انتخابات میں عوام کے ساتھ محبت اور خلوص کے رشتہ کی وجہ سے گجرات اور چکوال میں ھماری جماعت کو کامیابی حاصلہوئی۔ سرسبز، خوشحال، ترقی یافتہ، تعلیم یافتہ، امن وامان کا گہوارہ اور معاشی استحکام پنجاب مسلم لیگ اور حکومتی اتحاد کا مشترکہ ویژن ہے اور اس کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل شفاف طریقے سے بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میاں عبدالرشید بوٹی، ملک حق نواز سنگلہ، شاھد بیگ، چوہدری عرفان احسان، قمر بندیشہ، ملک سرفراز بھٹی، ملک محمد زین اور دیگر وفد سے گفتگو کرتے ھوئے کیا۔ اس موقع پر نو منتخب رکن قومی اسمبلی چوہدری مونس الہی، ذوالفقار پپن، ملک فراز اعوان، ضیغم گوندل، احمد فرحان خاں بھی موجود تھے۔وفد کے تمام شرکاء نے چوہدری پرویز الہی کو چوہدری مونس الہی اور چوہدری سالک حسین کی ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ اللہ رب العزت نے جب بھی ہمارے خاندان کو کسی بھی منصب سے نوازا ہم نے اپنے عہدے سے وفا کرتے ہوئے عوام کی خدمت، تعمیر و ترقی، روزگار کی فراہمی سمیٹ غریبوں اور محتاجوں کے لئے ٹھوس اقدامات کیے۔ بے سہارا اور لاوارث بچوں کی بہبود کے لیے پنجاب کی سطح پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو بنایا تاکہ کوئی لاوارث بچہ مشکوک محرکات کا شکار نہ ھو۔ چوھدری پرویز الہی نے کہا کہ اب بھی اس حکومت میں اتحاد کی صورت میں پنجاب میں ڈویلپمنٹ اور اقتصادی ترقی سمیت زراعت کے ممکنہ ہداف کے حصول کے لئے مسلم لیگ اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔ اور مسلم لیگ کو پنجاب بھر میں بلدیاتی الیکشن سے قبل فعال و منظم کیا جائے گا۔