محمد رضوان کی ناقابل شکست سنچری، پاکستان اے ٹیم نے نیوزی لینڈ اے ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا دیا

گرین شرٹس نے 223 رنز کا ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر 9 وکٹوں پر پورا کیا، رضوان 105 رنز بنا کر ناقابل شکست

اتوار 21 اکتوبر 2018 22:20

ابوظہبی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) محمد رضوان کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان اے ٹیم نے نیوزی لینڈ اے کو پہلے ایک روزہ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، گرین شرٹس نے 223 رنز کا ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، محمد رضوان نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اتوار کو ابوظہبی میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ اے ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.3 اوورز میں 222 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ٹوڈ ایسٹل 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان کورے اینڈرسن 38، ول ینگ 40 اور بلونڈل 31 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، عامر یامین نے 3 راحت علی اور سعود شکیل نے 2، 2 اور محمد عرفان اور کاشف بھٹی نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں پاکستان اے ٹیم نے مطلوبہ ہدف 49.3 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، محمد رضوان نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور 105 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، افتخار احمد 46 اور شان مسعود 32 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بلے باز رہے، کپتان عابد، سعود شکیل، عامر یامین اور کاشف بھٹی بغیر کوئی رن بنائے، آغا سلمان 21 اور محمد عرفان ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، فرگوسن نے 4 وان بیک اور اینڈرسن نے 2، 2 وکٹیں لیں۔