Live Updates

ایرا کے پاس نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے میں معاونت فراہم کرنے کی بھر پور صلاحیت موجود ہے، بریگیڈیئر محمد لطیف

اتوار 21 اکتوبر 2018 23:50

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) زلزلہ زدگان کی بحالی اور تعمیر نو کے ادارہ(ایرا)کے قائم مقام نائب چیئرمین بریگیڈیئر محمد لطیف نے کہا ہے کہ ایرا اتھارٹی کے پاس وزیر اعظم عمران خان کے نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے میں معاونت فراہم کرنے کی بھر پور صلاحیت موجود ہے۔یہاں اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایرا نے 2005 کے زلزلے سے متاثرہ آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے علاقوں میں 6 لاکھ سے زائد گھر تعمیر کئے جہاں 72 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ادارے کے پاس مذکورہ شعبہ میں بے پناہ تجربہ ہے اور اس نے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور بحالی پر مبنی بڑے منصوبے پر کام کر رکھا ہے۔تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخواہ میں 14 ہزار704 تعمیر نو کے منصوبے شروع کئے گئے جن میں 10 ہزار661 تکمیل شدہ، 2 ہزار408 زیرتعمیر منصوبے اور ایک ہزار 635 ایسے منصوبے جن پر ابھی کام شروع ہونا باقی ہے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

آزاد جموں و کشمیر میں 7 ہزار742منصوبے شروع کئے گئے جن میں سے 5 ہزار 49پر کام مکمل ہو چکا ہے۔1380زیر تعمیر ہیں جن پر70.1فیصد کام ہو چکا ہے اور 903 منصوبے شروع ہونا باقی ہیں۔خیبر پختونخواہ میں کل 6 ہزار 962 منصوبوں میں سے 5 ہزار206 پر کام مکمل کیا جا چکا ہے۔قائم مقام ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ باقی ماندہ منصوبے کے پی کے اور اے جے کے حکومت کو منتقل کردے تاکہ وہ زیر تکمیل منصوبوں کو مکمل کرا سکیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ ایرا کی مہارت اور خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے اسے نئے منصوبوں میں شامل کرے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات