Live Updates

نواز شریف کا ہجیرہ میں جیت پرکشمیری عوام سے اظہار تشکر

کشمیری عوام نے بالغ نظری کا مظاہرہ کیا، کشمیری عوام سیاسی پختگی میں اپنی مثال آپ ہیں، کشمیری عوام نے ہمیشہ مجھ سے بے مثال محبت کی۔ قائد ن لیگ نوازشریف کی وزیراعظم آزاد کشمیر کومبارکباد

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 اکتوبر 2018 00:03

نواز شریف کا ہجیرہ میں جیت پرکشمیری عوام سے اظہار تشکر
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 اکتوبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے ضمنی الیکشن میں جیت پرکشمیری عوام سے اظہار تشکر کیا ہے، سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ کشمیری عوام نے بالغ نظری کا مظاہرہ کیا، کشمیری عوام سیاسی پختگی میں اپنی مثال آپ ہیں، کشمیری عوام نے ہمیشہ مجھ سے بے مثال محبت کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قائد ن لیگ نوازشریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو ٹیلی فون کیا اور ہجیرہ میں ضمنی الیکشن میں جیت پر مبارکباد پیش کی۔

نواز شریف نے مسلم لیگ ن پراعتماد کرنے پر کشمیری عوام سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام سیاسی پختگی میں اپنی مثال آپ ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی قیادت پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 18 پونچھ ہجیرہ 2 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے امیدوار سردار عامر الطاف 20874 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہو گئے پیپلز پارٹی کے سردار غلام صادق 14731ووٹ لے کردوسرے نمبر پر آئے۔

حلقے میں پولنگ کے عمل کے لئے 131 پولنگ سٹیشنوں میں 246 پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس مصطفی مغل نے بھی دن کو ہجیرہ الیکشن کا دورہ کیا۔ حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 75202 ہے۔ ووٹرز میں خواتین ووٹرز کی تعداد 33544 جب کہ مرد ووٹرز کی تعداد 41658 ہے۔ اس حلقے میں ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے عامر الطاف نے 20887 ووٹ، پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر امیدوار سابق اسپیکر اسمبلی سردارغلام صادق نے 14731 ووٹ، تحریک انصاف کے سردار سوار خان نے 3231 ووٹ، جبکہ مسلم کانفرنس کے سردار کاشان مسعود نے  3283 ووٹ حاصل کیے حلقہ ایل اے 18 پونچھ 2 کی نشست خان بہادر خان کی وفات سے خالی ہوئی تھی۔

ن لیگ کی کامیابی کے بعد ہجیرہ سمیت آزاد کشمیر بھر میں ن لیگی کارکنان نے جشن منانا شروع کر دیا ۔پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں نے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات