دُبئی: 75 سالہ اماراتی بزرگ نے یونیورسٹی سے ماسٹرز ڈگری حاصل کر لی

علی محمد ناجی کے بچے والد کے اس کارنامے پر بے حد خوش ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 اکتوبر 2018 11:08

دُبئی: 75 سالہ اماراتی بزرگ نے یونیورسٹی سے ماسٹرز ڈگری حاصل کر لی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر2018ء) کسی نے سچ کہا ہے کہ انسان اُس وقت بُوڑھا ہوتا ہے جب وہ خود کو بُوڑھا سمجھنا شروع کر دے۔ اگر ہمت اورعزم جوان ہو تو بُڑھاپا کبھی انسان کو شکست نہیں دے سکتا۔ ایسی ہی ایک مثال امارات کی رہائشی علی محمد ناجی کی ہے۔ جنہوں نے 75 سال کی عمر میں دُبئی کی ایک یونیورسٹی سے ماسٹرز ڈگری حاصل کر کے ثابت کر دیا ہے کہ انسان عزم اور لگن سے کام لے تو ہر عمر میں ہر کام کر سکتا ہے۔

علی محمد ناجی کی پوسٹ گریجوایشن کی ڈگری حاصل کرنے کی تقریب 19 اکتوبر کو ہوئی۔ جس میں اُنہیں بھرپور انداز سے مسکراتے اور اپنی کامیابی پر نازاں ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اُن کے بیٹے فہد علی کی جانب سے اپنے اعلیٰ تعلیم یافتہ باپ کی ڈگری کے ساتھ کھینچی گئی سیلفی تصویریں سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئیں، جو بہت جلد وائرل ہوگئیں۔

(جاری ہے)

علی نے یہ تصویریں ٹویٹر پر پوسٹ کی تھیں جسے اب تک1200 سے زائد لوگ شیئر کرچکے ہیں جبکہ اسے لاءِک کرنے والوں کی گنتی 2200سے بڑھ چُکی ہے۔

ناجی ایک سابقہ کیمسٹ ہیں انہوں نے1980ء میں سکاٹ لینڈ سے کیمسٹ کااعلیٰ ڈپلوما حاصل کیاتھا۔ اس کے بعد وہ ساری عمر ماسٹرز ڈگری حاصل کرنے کا خواب آنکھوں میں بسائے پھِرتے رہے، تاہم روزگار اور گھریلو ذمہ داریوں میں اُلجھنے ہونے کے باعث اُن کا یہ خواب بُڑھاپے تک ادھُورا ہی رہا۔ ناجی کے بیٹے فہد علی نے بتایا ’’میں اپنے باپ کی کامیابی پر بہت فخر محسوس کر رہا ہوں۔

اُن کی ہمیشہ سے یونیورسٹی کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش تھی اور اب انہوں نے اپنا یہ خواب پُورا کر لیا ہے۔ میرے والد صاحب نے 75 برس کی عمر میں فیصلہ کیا کہ وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ دوبارہ سے شروع کریں گے، آج اُنہیں ایک تقریب کے دوران ماسٹر ز ڈگری سے نوازا جا رہا ہے۔ مجھے صحیح معنوں میں اُن پر بہت فخر ہے۔میں نے اور والدنے ڈگری کے ساتھ تصویریں ذاتی تصویروں کی طرح پوسٹ کی تھیں، میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ انہیں لوگوں کی جانب سے اتنا پسند کیا جائے گا۔‘‘ ٹویٹر صارفین کی طرف سے محمد ناجی کے عزم اور لگن کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :