ابو ظہبی:ڈرائیورز کی غیر ذمہ داری کے باعث راہگیروں کو حادثات پیش آنے لگے

پولیس کی جانب سے راہگیروں کو گاڑیوں کی ٹکر لگنے کی تازہ ویڈیو پوسٹ کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 اکتوبر 2018 11:30

ابو ظہبی:ڈرائیورز کی غیر ذمہ داری کے باعث راہگیروں کو حادثات پیش آنے ..
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر2018ء) ابو ظہبی پولیس کی جانب سے آفیشل ویب سائٹ پر ایک ایسی ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں ڈرائیوروں کی غیر ذمہ داری اور مجرمانہ غفلت کے باعث راہگیروں کو پیش آنے والے حادثات دکھائے گئے ہیں۔ اس ویڈیو کو پوسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ اس پر عوام کے کمنٹس بھی طلب گئے ہیں۔ اس حوالے سے ابو ظہبی پولیس کے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کی سربراہ میجر عائشہ الظابی نے زور دیا ہے کہ سڑک کو عبور کرنے کا پہلا حق راہگیروں کو حاصل ہے اور تمام ڈرائیورز کو اس معاملے میں احتیاط برتنی چاہیے۔

ڈرائیورز کو اُس وقت اپنی گاڑی کی رفتار ہلکی کر دینی چاہیے جب وہ کراسنگ ایریا سے گزر رہے ہوں یا جب وہ کسی راہگیر کو سڑک عبور کرتے ہوئے دیکھیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے دو ماہ کی آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے جس میں ڈرائیورز حضرات کو تلقین کی جا رہی ہے کہ وہ سڑک عبور کرنے کا پہلا حق راہگیروں کو دیں۔ اس آگاہی مہم کے تحت مختلف ویڈیوز بھی شیئر کی گئی ہیں تاکہ ڈرائیور حضرات کو اندازہ ہو سکے کہ وہ کس قسم کی غلطیاں کرتے ہیں جن کے باعث راہگیروں کی زندگیوں کو شدید خطرات بھی لاحق ہو جاتے ہیں۔

راہگیروں کے سڑک پار کرنے کے حوالے سے ٹریفک قواعد و ضوابط اور ترمیم شدہ قانون کا پرچار بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیا جا رہا ہے۔ ٹریفک قانون کے مطابق اگر کوئی ڈرائیور کراسنگ کے مخصوص مقامات پر راہگیر کو پہلے گزر جانے کے قانونی حق کا خیال نہیں رکھتا ، تو ایسی صورت میں اُسے پانچ سو درہم کا جرمانہ بھُگتنا ہو گا اور اس کے ڈرائیونگ لائسنس پر چھ بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہو گا۔ یہ ڈرائیورز حضرات کی سماجی اور اخلاقی ذمہ داری ہے جسے اُنہیں ہر حال میں پُورا کرنا چاہیے۔ ماضی میں کئی ایسے حادثات پیش آ چکے ہیں جن میں ڈرائیورز حضرات کی بے صبری اور بے دھیانی راہگیروں کے لیے جان لیوا ثابت ہوئی ہے۔