افغانستان: ننگرہارمیں بم دھماکے سے بچوں اور عورتوں سمیت 14افراد ہلاک

دھماکہ مسافرویگن کے نیچے ہوا‘قبل ازیں مختلف واقعات میں 44افراد ہلاک ہوچکے ہیں-رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 اکتوبر 2018 11:51

افغانستان: ننگرہارمیں بم دھماکے سے بچوں اور عورتوں سمیت 14افراد ہلاک
کابل(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 22 اکتوبر۔2018ء) افغانستان کے صوبے ننگرہارمیں بم دھماکے کے نتیجے میں بچوں اور عورتوں سمیت 14افراد ہلاک ہوگئے ہیں. تفصیلات کے مطابق افغانستان میں ایک جانب پارلیمانی انتخابات جاری ہیں تو دوسری طرف عسکریت پسندوں نے اپنی دہشت گرد کارروائیوں میں اضافہ کردیا ہے. غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق افغان صوبے ننگرہار میں سڑک کنارے ہونے والے دھماکے کے باعث 14 عام شہری زندگی کی بازی ہار گئے جن میں ایک خاتون اور 6بچے شامل ہیں.

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متاثر ہونے والے افراد ایک ویگن میں موجود تھے، جس کے نیچے دھماکہ ہوا‘قبل ازیں طالبان نے انتخابات کو ناکام بنانے کے لیے حملے کی دھمکی بھی دی تھی.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ افغانستان میں حملوں کی کاروائیوں کا نیا سلسلہ انتخابات کے موقع پر شروع ہوا ہے جس میں اب تک درجنوں افراد مارے جاچکے ہیں. پچھلے ہفتے افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے لئے ووٹنگ کے دوران دھماکوں ،گرینڈ حملوں اور دیگر سیکورٹی واقعات میں 44 افراد ہلاک اور 238 زخمی ہوئے تھے.افغان وزیر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 10 پولیس اہلکار،1افغان فوجی اور دیگر شہری شامل ہیں.

افغان حکام کے مطابق بائیومیٹرک سسٹم اور دیگر انتظامی خرابیوں کے باعث کچھ علاقوں میں پولنگ کا عمل کل ہوگا، ووٹنگ میں خواتین کی بڑی تعداد نے حصہ لیا، افغان پارلیمانی انتخابات میں تقریباً نوے لاکھ افراد ووٹنگ کے اہل تھے. میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کےلئے ووٹنگ کے دوران مختلف حملوں میں 44 افراد ہلاک ہوئے‘ انتخابات کے دوران سب سے زیادہ ہلاکتیں دارالحکومت کابل میں ہوئیں جبکہ صوبہ قندھار اور غزنی میں پولنگ ایک ہفتے کےلئے موخر کردی گئی ہے.