شارجہ میں مضر صحت کیفے ٹیریاز اور بیکریاں عوام کی جان کے درپے ہو گئے

شارجہ میونسپلٹی کی جانب سے چھاپہ مارمہم کا آغاز کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 اکتوبر 2018 11:54

شارجہ میں مضر صحت کیفے ٹیریاز اور بیکریاں عوام کی جان کے درپے ہو گئے
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر2018ء) شارجہ میں اس وقت سینکڑوں ایسے کیفے ٹیریاز کا انکشاف ہوا ہے جہاں پر عوام کو اور باسی کھانا کھلایا جا رہا ہے ۔ شارجہ میونسپلٹی کی جانب سے گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ریاست کے مختلف ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور کیفے ٹیریاز، بیکریوں اور جنرل سٹورز پر مجموعی طور پر 24,465 چھاپے مارے گئے جن سے یہ بات سامنے آئی کہ بہت سے مقامات پر حفظان صحت کے اصولوں کا خیال نہیں رکھا جا رہا اور خوراک کو سٹور کرنے کا خاطر خواہ انتظام موجود نہیں۔

میونسپلٹی کے مطابق تین سو زائد فُوڈ پوائنٹس ایسے تھے جو کھانے کی صفائی سُتھرائی کے معیارات پر پُورا نہیں اُتر سکے۔ اس حوالے سے سب سے مشترک خلاف ورزی کھانے کی تیاری کے دوران ہاتھوں اور بالوں کی جالی دار ٹوپی کا استعمال نہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

شارجہ میونسپلٹی کے فُوڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ عمر المُہیری کا کہنا تھا کہ آٹھ ماہ سے جاری چھاپوں کے عمل کے دوران 34 فُوڈ آؤٹ لیٹس کو غیر معیاری اشیاء کی فروخت پر عارضی طور پر بند کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 3,345 اماراتی درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

المُہیری کے مطابق بند کیے گئے فوڈ آؤٹ لیٹس کو اُس وقت تک دوبارہ کام شروع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک وہ خلاف ورزی کا سدِباب نہیں کر لیتے اور اتھارٹی کی جانب سے مقررہ کردہ حفظان صحت اور خوراک کی حفاظت کے اصولوں کی پاسداری نہیں کی جاتی۔ امارات کی اتھارٹی آف سٹینڈرڈائزیشن اینڈ میٹرولوجی نے شوارمے کے حوالے سے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان کیا ہے۔

جس کے مطابق شوارمے کی دُکان سے باہر روسٹنگ اور فروخت ممنوع ہے تاکہ شوارما سڑک کی دھُول مٹی اور آلودگی سے محفوظ رہ سکے۔ شوارما تیار کرنے والوں کو ڈیوٹی کے دوران اپنے ہاتھوں کو پانی اور صابن سے اچھی طرح دھونا چاہیے اور اس دوران سگریٹ نوشی سے اجتناب کرنا ہو گا۔ جبکہ شوارما تیار کرنے والوں کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے صحت کی درستگی کا سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے۔ اُنہیں کسی قسم کی متعدی او رسانس کی بیماری لاحق نہیں ہونی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :