ہائی و ہائیر سکینڈری سکولز ایبٹ آباد کے ٹورنامنٹ کا افتتاح اے سی عثمان اشرف نے کیا

پیر 22 اکتوبر 2018 14:49

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) ضلع ایبٹ آباد کے ہائی و ہائیر سکینڈری سکولز ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر عثمان اشرف تھے جنہوں نے ٹورنامنٹ کا افتتاح گورنمنٹ ہائی سکول نمبر چار میں ٹیبل ٹینس ایونٹ کے افتتاحی میچ سے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر قاضی تجمل حسین، ٹورنامنٹ جنرل سیکرٹری اکرام الحق کے علاوہ مختلف سکولوں کے سربراہان اور ٹورنامنٹ کمیٹی کے عہدیداران و اراکین موجود تھے۔

کرکٹ کے ایونٹ میں گورنمنٹ ہائی سکول گھمبیر نے ہائی سکول گڑھی نور پور، ہائی سکول نمبر چار نے ہائی سکول بیرن گلی کو جبکہ ہائیر سکینڈری لنگڑیال نے نمبر ون حویلیاں کو شکست دیدی۔ والی بال میں ہائیر سکینڈری لورہ نے ہائی سکول پھلہ، ہائی سکول ستوڑہ نے سمہ کڑھکا کو اورہائی سکول چندو میرا نے گھوڑا باز گراں کو شکست دیدی۔

(جاری ہے)

اے سی عثمان اشرف نے کہا کہ مثبت سرگرمیوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے نوجوان کھلاڑیوں میں مقابلے کی فضاء پیدا ہوئی ہے، انشاء الله ان کا پورا تعاون ٹورنامنٹ کمیٹی سے ٹورنامنٹ کے اختتام تک جاری رہے گا۔

اس موقع پر ڈی او قاضی تجمل نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان مقابلوں میں ایمانداری کو پروان چڑھایا جائے گا، کھیل تعلیم کا حصہ ہیں اور بچوں کی نشوونما کھیل کود کے بغیر ممکن نہیں۔ اس موقع پر ٹورنامنٹ سیکرٹری نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔