کشمیری اپنے حق خودارادیت کا عالمی وعدہ پورا نہ ہونے کی وجہ سے بھارتی درندگی کا نشانہ بن رہے ہیں،

بڑھتا ہوا ظلم بھارت کی مقبوضہ وادی میں شکست کا اعتراف ہے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی مذمت

پیر 22 اکتوبر 2018 14:50

کشمیری اپنے حق خودارادیت کا عالمی وعدہ پورا نہ ہونے کی وجہ سے بھارتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا بہتا خون اقوام متحدہ کے ضمیر پر داغ ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی بندوق اورظلم کانشانہ عالمی ضمیر بن رہا ہے،کشمیری اپنے حق خود ارادیت کا عالمی وعدہ پورا نہ ہونے کی وجہ سے بھارتی درندگی کا نشانہ بن رہے ہیں، بڑھتا ہوا ظلم بھارت کی مقبوضہ وادی میں شکست کا اعتراف ہے۔

پیر کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی مائوں، بہنوں، بچوں، نوجوانوں اور ضعیفوں نے حریت کی تابندہ مثال قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برداری اقوام متحدہ کے کشمیریوں سے کئے گئے اپنے وعدے کو پورا کرنے میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں شہید ہونے والے حریت پسند اصول اور سچائی کے دمکتے ستارے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے شہداء اس امر کا ثبوت ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر سے اور کتنا خون چاہئے۔