حکومت پنجاب کا رائیونڈ کے تبلیغی اجتماع کے مکمل انتظامات اور نگرانی کیلئے وزیر معدنیات کی سربراہی میں 15رکنی کمیٹی تشکیل

تبلیغی اجتماع کا انعقاد دو مختلف مرحلوں میں ہو گا ،پہلا مرحلہ یکم تا 3 نومبر اور دوسرا مرحلہ 12تا14نومبر 2018ء ہو گا، وزیر معدنیات کی سر براہی میں اجتماع کے سلسلہ میں اہم اجلاس ،صوبائی وزیرکا مختلف محکموں کے افسران کی عدم شرکت پر اظہار برہمی

پیر 22 اکتوبر 2018 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) حکومت پنجاب نے رائیونڈ کے تبلیغی اجتماع کے مکمل انتظامات اور نگرانی کے لئے فوری طور پر وزیر معدنیات کی سربراہی میں 15رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔جس کا با قاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاہے۔ اس کمیٹی کے دیگر ممبران میں ڈپٹی کمشنر،ڈی آئی جی آپریشن،ایڈیشنل سیکر ٹری سی اینڈ ڈبلیو، ایل ڈی اے ،ریسکیو 1122،لیسکو، محکمہ صحت، سالڈ ویسٹ کمپنی، ہوم ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور، تبلیغی جماعت کے 3اراکین اور دیگر منتخب کردہ نمائندہہونگے۔

کمیٹی تمام انتظامات مکمل کر کے حکومت کو رپورٹ ارسال کرے گی۔صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر کی سر براہی میں آج ما ہ نومبر میں ہونے والے تبلیغی اجتماع کے سلسلہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمختلف محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے مختلف محکموں کے افسران کی عدم شرکت پر اظہار برہمی کیا۔

انہوں نے بتایا کہ تبلیغی اجتماع کا انعقاد دو مختلف مرحلوں میں ہو گا ۔پہلا مرحلہ یکم تا 3 نومبر اور دوسرا مرحلہ 12تا14نومبر 2018ء ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اجتماع گاہ میں فول پروف سکیورٹی کے انتظامات ہونگے۔اجتماع گاہ میں اہم مہمانوں کی سٹیج تک رسائی کا ب ہترین انتظام بھی کیا جائے گا۔شرکاء اجتماع کی آمد و رفت کے لئے منظم ٹریفک پلان مرتب کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی بد نظمی نہ ہونے پائے۔

شرکاء اجتماع کی آمد و رفت کے لئے منظم ٹریفک پلان مرتب کیا جائے گا۔پانی کی بلا تعطل فراہمی میں کوئی کسر نہیں آنے دی جائے گی۔جبکہ سیوریج کا بھی بہترین انتظام عمل میں لایا جائے گا۔اجتماع گاہ میں صفائی ستھرائی رائونڈ دی کلاک کی جاتی رہے گی۔ اجتماع گاہ میں میڈیکل کیمپس مختلف مقامات پر قائم کئے جائیں گے۔ریسکیو 1122 کسی بھی ایمر جنسی میں عملے اور ا یمبو لنس کے قافلے کے ہمراہ اپنے فرائض انجام دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس انٹر نیشنل لیول کے اس پروگرام میں کسی قسم کی کوتاہی ،غفلت اور لا پرواہی کا مظاہر برداشت نہیں کیا جائے گا۔