ویرات کوہلی نے جلد ریٹائرمنٹ لینے کا عندیہ دیدیا

اپنے ملک کی طرف سے کھیلتے ہوئے ہمیشہ لطف اندوزہوا: بھارتی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 22 اکتوبر 2018 16:16

ویرات کوہلی نے جلد ریٹائرمنٹ لینے کا عندیہ دیدیا
گوہاٹی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22اکتوبر2018ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے جتنا کیریئر باقی رہ گیا ہے اس میں کوشش ہے کہ اپنے ملک اورٹیم کے لیے اچھا کھیل پیش کروں۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ ایمانداری کے ساتھ کھیلا ہوں، ملک کی نمائندگی ہر کسی کی خواہش ہے لیکن اس سطح پر پہنچنا ایک اعزاز ہے جب کہ جتنا کیریئر باقی رہ گیا ہے کوشش ہے اس میں اپنے ملک اورٹیم کے لیے اچھا کھیل پیش کروں۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ اپنے ملک کی طرف سے کھیلتے ہوئے ہمیشہ انجوائے کیا ہے اور اس کھیل نے مجھے وہ سب کچھ دیا، جس کی تمنا سب کرتے ہیں۔ ہر میچ میں اچھا کرنا ہی ہم سب کا کام ہے، کوشش کرتے ہیں کہ ہر میچ میں ٹیم کامیاب ہو اور ملک کی عزت اور وقار بڑھے۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل ذکر ہے کہ نومبر2018ءمیں اپنی زندگی کے30سال مکمل کرنے کے قریب کھڑے ویرات کوہلی نے گزشتہ 10مہینے کے دوران تیسری مرتبہ ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا ہے۔

ویرات کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میں کیریئر کی 36ویں سنچری داغی ہے ، وہ سچن ٹنڈولکر کے بعد زیادہ سنچریاں بنانےوالے دوسرے کھلاڑی ہیں، ٹنڈولکر نے 49 سنچریاں بنا رکھی ہیں، کوہلی بطور کپتان زیادہ سنچریاں بنانے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے، بحیثیت کپتان زیادہ سنچریاں بنانےکا عالمی اعزاز سابق آسٹریلوی کرکٹر رکی پونٹنگ کو حاصل ہے جنہوں نے 220اننگز میں 22 سنچریاں بنائی تھیں، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز نے98اننگز میں 13 سنچریاں بنا رکھی تھیں جبکہ کوہلی کی بطور قائد سنچریوں کی تعداد 50اننگز کے بعد14 ہو گئی ہیں،سابق بھارتی کپتان سار و گنگولی نے143اننگز میںبطور کپتان 11سنچریاں سکور کی تھیں جب کہ سابق سری لنکن کپتان سنتھ جے سوریا نے بطور قائد118اننگز کھیل کر10سنچریاں ماریں تھیں ۔

ویرا ت کوہلی نے 204اننگز میں اپنی 36سنچریاں مکمل کی ہیں جبکہ سچن ٹنڈولکر نے نومبر2003ءمیں311اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا ۔و یرات کوہلی ویسٹ انڈیز کے خلاف زیادہ سنچریاں بنانےوالے بھارتی کھلاڑی بھی بن گئے،کوہلی نے کیلنڈر ایئر میں مسلسل تیسری بار 2 ہزار پلس انٹرنیشنل رنز بنانے والے بھارت کے دوسرے اور دنیا کے چوتھے بلے باز ہونے کا اعزاز بھی پا لیا، اس سے قبل ٹنڈولکر، میتھیوہیڈن اور جوروٹ بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، اس کے علاوہ وہ کیلنڈر ایئر میں زیادہ مرتبہ 2 ہزار پلس انٹرنیشنل رنز بنا کر ٹنڈولکر اور جے وردھنے کے ہم پلہ ہو گئے، تینوں کھلاڑیوں نے5بار یہ اعزاز حاصل کیا، کمار سنگاکارا 6 مرتبہ سنگ میل عبور کر کے سرفہرست ہیں۔