2022ء میں مشہور عالم بحری جہاز ’ٹائی ٹینِک ‘ دُبئی کے ساحل پر لنگر انداز ہو گا

اصل ٹائی ٹینِک کے ڈیزائن پر تیار کردہ یہ جہاز پُوری دُنیا کا چکر کاٹے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 اکتوبر 2018 16:19

2022ء میں مشہور عالم بحری جہاز ’ٹائی ٹینِک ‘ دُبئی کے ساحل پر لنگر انداز ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر2018ء) کیا آپ نے کبھی تصور کیا ہے کہ آپ کو بھی شہرۂ آفاق بحری جہاز ٹائی ٹینک پر سفر کرنے کا موقع مِلے گا؟ اگر آپ امارات میں اگلے چار سال مزید مقیم رہے تو آپ کی یہ خواہش حقیقت کا رُوپ دھار سکتی ہے۔ کیونکہ آپ کو یہ جان کر خوشگوار حیرت ہو گی کہ ٹائی ٹینک II، جو کہ اصل ٹائی ٹینِک کے نقشے پر تیار کیا گیا ہے، اگلے چار سال بعد دُبئی سے اپنے پُوری دُنیا کے اکلوتے سفر پر روانہ ہو گا۔

یہ ایڈونچر اور لطف سے بھرپور بحری سفر دو ہفتوں بعد اپنے اختتام کو پہنچے گا۔ ٹائی ٹینِک کے اس سفر سے مقامی افراد اور بین الاقوامی سیاح دونوں لطف اندوز ہو سکیں گے۔ ٹائی ٹینِک II کے سفر کا آغاز 2022ء میں دُبئی کے ساحل سے ہو گا اور پھر اس کی اگلی منزل برطانیہ کا مشہور مقام ساؤتھمپٹن ہو گی۔

(جاری ہے)

گرمیوں کے دِنوں میں جاری اس سفر کے دوران جہاز برطانیہ اور امریکا کے مختلف ساحلوں پر ٹھہرے گا اور یوں پُوری دُنیا کا چکر کاٹ کر واپس دُبئی آن پہنچے گا۔

اصل جہاز کے نقشے اور ڈیزائن پر بنے اس بحری جہاز کو 21 ویں صدی کے جدید ترین نیوی گیشن اور سیفٹی سسٹم سے آراستہ کیا گیا ہے۔ اس میں مسافروں کے لیے سفر اور قیام و طعام کی بہترین سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ٹائی ٹینِک بحری جہاز کے پہلے سفر کا اعلان 2012ء میں کیا گیا تھا تاہم اسے تیار کرنے والی کمپنی کو شدید مالی مشکلات کی باعث اس کی تکمیل میں خاصی تاخیر ہو چکی ہے۔

اب ان معاشی معاملات پر قابو پانے کے بعد جہاز کی تیاری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس جہاز میں اڑھائی ہزار کے قریب مسافروں اور نو سو کریو ممبرز کے لیے سفری سہولیات موجود ہیں۔ اس جہاز کی کلر سکیم، اندرونی بناوٹ اور سجاوٹ بلکہ اُسی طرح کی ہے جس طرح کی آج سے تقریباً ایک سال صدی قبل ڈُوبنے والے اصل جہاز کی تھی۔ یقیناًآپ بھی ہماری طرح اس سفر کے لیے ابھی سے مچلنے لگے ہیں، مگر کیا کریں ابھی چار سال مزید انتظار کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :