سعید اجمل کیریئر کے مشکل ترین باﺅلر ثابت ہوئے،آسٹریلیو ی اوپنر کا انکشاف

پسندیدہ پاکستانی کھلاڑی وسیم اکرم اور سعید انور ہیں :ایرون فنچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 22 اکتوبر 2018 16:47

سعید اجمل کیریئر کے مشکل ترین باﺅلر ثابت ہوئے،آسٹریلیو ی اوپنر کا ..
ابو ظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22اکتوبر2018ء) آسٹریلیوی کرکٹ ٹیم کے جارح مزا ج اوپننگ بلے باز ایرون فنچ نے انکشاف کیا ہے کہ سابق پاکستانی آف سپنر سعید اجمل ان کے انٹر نیشنل کیریئر کے مشکل ترین باﺅلر ثابت ہوئے ہیں۔ 31سالہ ایرون فنچ نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اپنے چاہنے والوں کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن کیا تھا جس میں ایک پاکستانی صارف نے ان سے سوال کیا کہ”آپ کے انٹر نیشنل کیریئر کا مشکل ترین باﺅلر کون سا تھا؟ “ ،جواب میں ایرون فنچ سے بلا سوچے سمجھے بولا کہ ”سعید اجمل “ ،
ایک اور پاکستانی صارف نے ایرون فنچ سے سوال کیاکہ ”آپ کے پسندیدہ ترین پاکستانی کھلاڑی کون سے تھے ؟ “ ،31سالہ آسٹریلیوی ٹیسٹ کرکٹر نے اس سوال کے جواب لیجنڈری پاکستانی کرکٹرز وسیم اکرم اور سعید انور کے نام لیے ۔

(جاری ہے)

31سالہ ایرون فنچ24اکتوبر سے شروع ہونے والی تین ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میچز کی سیریز میں پاکستان کے خلاف آسٹریلین ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں اس فارمیٹ میں اپنے کیریئر کا آغا ز کیا تھا اور 62اور49رنز کی شاندار باریاں کھیل کر عثمان خواجہ کے ساتھ آسٹریلیا کے لیے دبئی ٹیسٹ بچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جب کہ ابوظہبی ٹیسٹ میں بھی انہوں نے39اور31رنز کی باریاں کھیلی تھیں ۔

فنچ اب تک 2ٹیسٹ میچز میں45.25کی اوسط سے181رنز سکور کرچکے ہیں جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے ، وہ 93ون ڈے میچز میں 38.19کی اوسط سے3361رنز بنا چکے ہیں جس میں 11سنچریاں اور18نصف سنچریاں شامل ہیں ،جارح مزاج کینگرو اوپنر اب تک 42ٹی ٹونٹی میچز میں 45.60کی اوسط سے1596رنز سکور کرچکے ہیں جن میں2سنچریاں اور 9نصف سنچریاں شامل ہیں ۔