یوٹیلیٹی اسٹورزملازمین کا ڈی چوک میں126دن دھرنا دینے کا اعلان

ملازمین کایوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن کی نجکاری کیخلاف احتجاج، ڈی چوک میں دھرنا دیا،یوٹیلٹی اسٹورکارپوریشن کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں، ڈیلی ویجزاورکنٹریکٹ ملازمین کومستقل کیا جائے۔ احتجاجی مظاہرین کا مطالبہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 اکتوبر 2018 17:35

یوٹیلیٹی اسٹورزملازمین کا ڈی چوک میں126دن دھرنا دینے کا اعلان
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اکتوبر 2018ء) وفاقی دارلحکومت میں یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین نے مطالبات پورے ہونے تک 126دن کا دھرنا دینے کا اعلان کردیا، ملازمین نے یوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن کی نجکاری کے خلاف احتجاج کیا اور ڈی چوک پر دھرنا دیا،دھرنے میں سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی، ملازمین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملازمین نے مطالبہ کیا کہ یوٹیلٹی اسٹور ملازمین کا معاشی قتل نہیں ہونے دینگے۔ مطالبات مکمل ہونے تک دھرنا ختم نہیں کرینگے۔ یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں۔ ڈیلی ویجزاورکنٹریکٹ ملازمین کومستقل کیا جائے۔ تمام ملازمین کے بقایاجات فوری طورپر ادا کئے جائیں۔

(جاری ہے)

دھرنے اور احتجاج کے شرکاء نے ڈی چوک بلاک کردیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

دھرنے کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی۔ شرکاء نے حکومتی ناکام پالیسیوں کے خلاف خوب نعرے بازی بھی کی۔ دوسری جانب حکومتی وفد مظاہرین سے مذاکرات کیلئے دھرنے میں پہنچ گیا۔ حکومتی وفد میں نعیم الحق اور فرخ حبیب و دیگر شامل ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین کے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہیں۔

یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کوگھر اورہیلتھ کارڈ جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرتجارت کے بیرون ملک ہونے سے ابھی نوٹیفکیشن نہیں ہوسکتا۔ نعیم الحق نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورزکے تمام کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز ملازمین کومستقل کریں گے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کے کسی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا۔ یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن کوبند نہیں کریں گے بلکہ اسے بچائیں گے۔