Live Updates

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی میں گوجرانوالہ ڈویژن اوربہاولپور ڈویژن کے اراکین صوبائی اسمبلی کے الگ الگ اجلاس

وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ ڈویژن اوربہاولپور ڈویژن کے اراکین اسمبلی کے مسائل سنے اورموقع پر ہی احکامات جاری کیے میں اپنے اختیارات جانتا ہوں ،پنجاب میں ہر کام میرٹ پر ہوگا، اراکین اسمبلی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیںگے‘عثمان بزدار

پیر 22 اکتوبر 2018 17:53

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی میں گوجرانوالہ ڈویژن اوربہاولپور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں گوجرانوالہ ڈویژن اوربہاولپور ڈویژن کے اراکین صوبائی اسمبلی کے الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ ڈویژن اوربہاولپور ڈویژن کے اراکین اسمبلی کے مسائل سنے اورموقع پر ہی احکامات جاری کیے ۔

وزیراعلیٰ نے اجلاسوںسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں اوراراکین اسمبلی کی عزت میری عزت ہے ۔ہم سب نے اکٹھے ہوکرٹیم ورک کے طورپر کام کرنا ہے ۔انہوںنے کہا کہ صوبے کے عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔عوام کو بہتر اورمعیاری سروس ڈلیور ی فراہم کریںگے اوراس نیک مقصد میں آپ میرے دست و بازو ہیں ۔

(جاری ہے)

میں اپنے اختیارات جانتا ہوں ۔پنجاب میں ہر کام میرٹ پر ہوگا۔انہوںنے کہاکہ اراکین اسمبلی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کو عوام کے سامنے لائیںگے۔ہم نے نہ کوئی غلط کام کیا ہے،نہ کریںگے اورنہ کسی کو کرنے دیںگے۔انہوںنے کہا کہ ہمارا ایجنڈا صرف صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت ہے ۔میں ہر وقت آپ کی خدمت کیلئے حاضر ہوں ۔

ہم ملکر وزیراعظم عمران خان کے وژن کو پورا کریںگے۔انہوںنے کہا کہ تعلیم ،صحت اوردیگر شعبوں میں اصلاحات کے نتائج جلد سامنے آئیںگے۔ وزارت اعلی صرف عہدہ نہیں بلکہ بہت بڑی ذمہ داری ہے ۔میں آپ کے مسائل سمجھتا ہوں اور ان کے حل کیلئے بھی پوری طرح کوشاں رہوںگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر شہر کے عوام کے مسائل حل کریںگے ۔ارکان اسمبلی سے مشاورت اورملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے ارکان اسمبلی سے قریبی رابطے یقینی بنائیںگے۔ارکان اسمبلی کی تجاویز پر عملدر آمد کیا جائے گا۔جنوبی پنجاب کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ممکنہ وسائل بروئے کار لائیںگے۔انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت دیگر شہروں میںمرحلہ وار ڈاکٹرز ،سپیشلسٹ ،ایم ایس اور پرنسپل تعینات کیے جارہے ہیں ۔قبضہ مافیا کو سابق دور میں کھلی چھٹی ملی رہی جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے قبضہ مافیا کو نکیل ڈالی ہے اورقبضہ مافیا اورتجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔

انہوںنے کہا کہ ضلع کی سطح پر انسداد تجاوزات کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔ہر ضلع میں یہ کمیٹیاںتجاوزات سے متعلق معاملات کا جائزہ لیں گی۔چھابڑی فروش،ریڑھی بان اورغریب آدمی کواس مہم میں تنگ نہیں کیا جائے گا۔ہم نے طاقتور مافیا پر ہاتھ ڈالاہے ۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تجاوزات کے خلاف مہم میں کچی آبادیاں اورغریب لوگوں کے رہائشی علاقے شامل نہیں ۔

صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری نے کہا کہ محکمہ آبپاشی بدعنوانی اورکرپشن کا خاتمہ کرنے کے لئے یکسوہے۔ارکان اسمبلی نے اپنے حلقے اورعلاقوں سے متعلق مسائل پیش کیے،وزیراعلیٰ نے حل کیلئے موقع پراحکامات جاری کیے جبکہصوبائی وزراء نے اراکین اسمبلی کی جانب سے ان کے محکموں کے حوالے سے تجاویزاورسفارشات پر عملدر آمد کی یقین دہانی کرائی۔اراکین اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی بات سنتے ہیں ۔ہم آپ کے سامنے اپنے دل کی بات کرسکتے ہیں ۔سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان ،صوبائی وزراء ،چیف سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل پولیس اورانتظامی سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات