وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فائرنگ کی مذمت،شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت

مقبوضہ کشمیر میں انسانی خون کی ارزانی پر عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی جواز نہیں، عالمی ضمیر کو بیدار ہونا ہوگا‘وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 22 اکتوبر 2018 18:06

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فائرنگ کی مذمت،شہداء ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے ۔

عالمی برادری بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی خون کی ارزانی پر عالمی برادری کی خاموشی کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔ عالمی برادری کو بھارت پر کشمیر میں آگ اور خون کا کھیل فوری طور پر بند کرنے کیلئے دبائو ڈالنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نہتے کشمیریوں پر جتنا چاہے ظلم کر لے وہ ان سے آزادی کا پیدائشی حق کبھی نہیں چھین سکتا اور نہ ہی کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبایا جاسکتا ہے۔

نہتے کشمیریوںپر بھارتی قابض افواج کے بد ترین ظلم و ستم پر عالمی ضمیر کو بیدارہونے کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کو زیادہ دیر تک حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتے، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہوگا۔بھارتی حکومت گولیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وقت نے کشمیرمیں بھارتی حکومت کی ظلم اور تشدد کی پالیسی کو ناکام ثابت کر دیا ہے۔بھارت کی ظلم و تشدد کی پالیسی نے کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی تڑپ کو مزید جلا بخشی ہے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیر کی آزادی کی صبح شہدائے کشمیر کے خون سے طلوع ہوگی۔