13 اسپتالوں میں بہتر مینجمنٹ کے لئے پروفیشنل ایجوکیشن کے اداروں سے تعاون حاصل کیا جائے گا،میئر کراچی

انتظامی عہدوں پر انہی افسران کی تعیناتی کو ترجیح دی جائے جو اسپتال مینجمنٹ، فنانس اور اکائونٹس سمیت دیگر متعلقہ شعبوں میں کوالیفائیڈ ہوں،وسیم اختر

پیر 22 اکتوبر 2018 18:06

13 اسپتالوں میں بہتر مینجمنٹ کے لئے پروفیشنل ایجوکیشن کے اداروں سے تعاون ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے 13 اسپتالوں میں بہتر مینجمنٹ کے لئے پروفیشنل ایجوکیشن کے اداروں سے تعاون حاصل کیا جائے گا، انتظامی عہدوں پر انہی افسران کی تعیناتی کو ترجیح دی جائے جو اسپتال مینجمنٹ، فنانس اور اکائونٹس سمیت دیگر متعلقہ شعبوں میں کوالیفائیڈ ہوں تاکہ کے ایم سی اسپتالوں کو جدید پروفیشنل انداز دے کر شہریوں کو بہتر طبی سہولیات مہیا کی جاسکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز کے فیکلٹی ممبران پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا جس نے ڈائریکٹر پروفیسر ابوذر واجدی کی سربراہی میں کے ایم سی صدر دفتر کا دورہ کیا، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، چیئرپرسن میڈیکل کمیٹی ناہید فاطمہ، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم ، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر بیربل اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ طبی اداروں کے بہتر انتظام میں پروفیشنل عملہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے، میڈیکل اینڈ مینجمنٹ سائنسز ایک اہم شعبہ ہے جس کی افادیت ثابت ہوچکی ہے اور میڈیکل کے پیشے سے تعلق رکھنے والوں کے لئے ایسے کورسز اور ڈگریاں معاون ثابت ہوں گی، اس موقع پر ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ابوذر واجدی نے اپنے ادارے کے قیام اور تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کے لئے مینجمنٹ اور ایڈمنسٹریشن کی ڈگری متعارف کرانے کا مقصد اس شعبہ کو بہتر بنانا ہے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی حسب روایت شہر کے بڑے اور ممتاز تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی تاکہ ان اداروں میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کو سہولت فراہم کی جاسکے۔