حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورزملازمین کےتمام مطالبات تسلیم کرلیے

یوٹیلیٹی اسٹورزملازمین کوگھراورہیلتھ کارڈ جاری کریں گے، تمام کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز ملازمین کومستقل بھی کر دیا جائے گا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کے احتجاجی مظاہرین سے مذاکرات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 اکتوبر 2018 17:42

حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورزملازمین کےتمام مطالبات تسلیم کرلیے
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اکتوبر 2018ء) وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے، یوٹیلیٹی اسٹورزملازمین کوگھراورہیلتھ کارڈ جاری کریں گے، تمام کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز ملازمین کومستقل بھی کر دیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی وفد یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین سے مذاکرات کیلئے ڈی چوک میں دھرنے میں پہنچ گیا۔

حکومتی وفد میں نعیم الحق اور فرخ حبیب و دیگر شامل ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین کے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کوگھر اورہیلتھ کارڈ جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرتجارت کے بیرون ملک ہونے سے ابھی نوٹیفکیشن نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

نعیم الحق نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورزکے تمام کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز ملازمین کومستقل کریں گے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کے کسی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا۔ یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن کوبند نہیں کریں گے بلکہ اسے بچائیں گے۔ دوسری جانب یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین نے مطالبات پورے ہونے تک 126دن کا دھرنا دینے کا اعلان کردیا، ملازمین نے یوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن کی نجکاری کے خلاف احتجاج کیا اور ڈی چوک پر دھرنا دیا،دھرنے میں سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی،  ملازمین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملازمین نے مطالبہ کیا کہ یوٹیلٹی اسٹور ملازمین کا معاشی قتل نہیں ہونے دینگے۔ مطالبات مکمل ہونے تک دھرنا ختم نہیں کرینگے۔ یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں۔ ڈیلی ویجزاورکنٹریکٹ ملازمین کومستقل کیا جائے۔ تمام ملازمین کے بقایاجات فوری طورپر ادا کئے جائیں۔ دھرنے اور احتجاج کے شرکاء نے ڈی چوک بلاک کردیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ دھرنے کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی۔ شرکاء نے حکومتی ناکام پالیسیوں کے خلاف خوب نعرے بازی بھی کی۔