Live Updates

وزیر اعظم کی زیرِ صدارت انرجی ٹاسک فورس کا اجلاس

بجلی قیمتوں میں کمی اور پاور سیکٹر میں چوری و دیگر نقصانات سے صارفین پر اضافی بوجھ کو ہٹانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت،بجلی چوروں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا فیصلہ کسی دوسرے کی چوری اور بد انتظامی کا خمیازہ عوام بھگتیں یہ قابل قبول نہیں، حکومت تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کیلئے تمام آنیوالی غیر ملکی کمپنیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرے گی ،عمران خا ن

پیر 22 اکتوبر 2018 19:19

وزیر اعظم کی زیرِ صدارت انرجی ٹاسک فورس کا اجلاس
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاہے کہ کسی دوسرے کی چوری اور بد انتظامی کا خمیازہ عوام بھگتیں یہ قابل قبول نہیں، ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ موجودہ حکومت کی جانب سے آئندہ 25سالوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع انرجی پالیسی و لائحہ عمل تشکیل دیاجا رہا ہے تاکہ جہاں گھریلو، صنعتی و دیگر شعبہ جات کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کے لئے توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے وہاں انرجی مکس کا حصول، ملک میں موجود وسائل کا مکمل استعمال، قابل تجدید ذرائع کا فروغ اور انرجی پالیسی کے لئے منظم و مربوط فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔

وزیر اعظم کی زیرِ صدارت انرجی ٹاسک فورس کا اجلاس منعقدہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ درآمد شدہ فیول پر انحصار میں کمی لانے اور ملک میں موجود وسائل کو برؤے کار لانے کے لئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے اور پاور سیکٹر میں چوری و دیگر نقصانات کی وجہ سے صارفین پر پڑنے والے اضافی بوجھ کو ہٹانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی اس ضمن میں بجلی چوروں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

وزیرِ اعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے وزیرِ اعلیٰ کی زیرِ نگرانی خصوصی ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے۔ضلعی سطح پر متعلقہ ڈی سی اوز بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کی نگرانی کریں گے۔ اس سلسلے میں دیگر صوبوں کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ بجلی کی ترسیل و تقسیم کو بہتر بنانے کے لئے وسیع پیمانے پر ٹیکنالوجی کے استعمال کو برؤے کار لایا جا رہا ہے تاکہ جہاں ترسیلی نظام کو بہتر بنایا جا سکے وہاں تقسیم اور چوری جیسے مسائل کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے پاور ڈویڑن کو معیاری ٹرانسفارمرز کی دستیابی کو یقینی بنانے سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے مختلف کمپنیوں کی شمولیت کے لئے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اجلاس میں ملک میں تیل اور گیس کی دریافت و پیداوار پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ شیل گیس کے موجود ذخائر میں پاکستان دنیا بھر میں نویں نمبر پر شمار کیا جاتا ہے تاہم اس ذخائر کو برؤے کار لانے پر ماضی میں کسی قسم کی کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

گذشتہ ساڑھے پانچ سالوں میں تیل و گیس کی دریافت کے لئے ایک بلاک بھی ایوارڈ نہیں کیا گیا۔ موجودہ حکومت کی جانب سے اب تک 10 بلاک مکمل طور پر شفاف عمل سے مختلف کمپنیوں کو ایوارڈ کیے جانے کا عمل حتمی مراحل میں ہے جسے چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ مزید30بلاکس ایوارڈ کرنے کے سلسلے میں خصوصی اقدامات کیے جائیں گے جن میں بین الاقوامی طور پر روڈ شوز کا انعقاد بھی شامل ہے۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ تیل و گیس ذخائر کی دریافت کے لئے ملک کے 41فیصد حصے پر واقع مختلف بلاکس ایوارڈ کیے گئے جن میں اب تک صرف4فیصد پر کام کیا گیا ہے۔ ۔اجلاس میں ملک میں تیل و گیس کی دریافت کی راہ میں حائل عوامل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ملک میں موجود تیل و ذخائر کی دریافت کے عمل کو تیز کرنے کے لئے سیسمک سروے اوجی ڈی سی ایل سے کرانے، تیل اور گیس دریافت کرنے والی کمپنیوں کو سیکورٹی کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لئے فوری طور پر اقدامات کا فیصلہ کیاگیا اسکے علاوہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کی مدد سے تیل و گیس دریافت کرنے والی کمپنیوں کو مکمل سیکیورٹی مہیا کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم کو بریفنگ میں مزید بتایا کہ تیل اور گیس دریافت کرنے کے شعبے میں حائل مشکلات کو دور کرکے پاکستان چھوڑ کر جانے والی غیر ملکی کمپنیوں کو واپس لایا جا سکتا ہے۔ وزیرِ اعظم کی جانب سے تیل و گیس دریافت کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی ایگزان کی پاکستان واپسی کے فیصلے کا خیر مقدم کیاگیا انکا کہنا تھا کہ حکومت تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کے سلسلے پاکستان آنے والی تمام غیر ملکی کمپنیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرے گی ۔ظفرملک
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات