پاک چین دوستی ہر آزمائش سے کامیابی کے ساتھ گزری ہے،شاہ فرمان

دونوں ممالک کے مابین یہ تعلقات مزید مضبوط ومستحکم ہوں گے، خیبرپختونخوا اپنے جغرافیائی ساخت کے حوالے سے چین ، افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے مابین تجارتی روابط کا گیٹ وے ہے۔ سی پیک منصوبے سے باہمی روابط کو مزید استحکام ملے گا،گورنرخیبرپختونخوا

پیر 22 اکتوبر 2018 20:08

پاک چین دوستی ہر آزمائش سے کامیابی کے ساتھ گزری ہے،شاہ فرمان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش سے کامیابی کے ساتھ گزری ہے اور دونوں ممالک کے مابین یہ تعلقات مزید مضبوط ومستحکم ہوں گے۔ بالخصوص صوبہ خیبرپختونخوا اپنے جغرافیائی ساخت کے حوالے سے چین ، افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے مابین تجارتی روابط کا گیٹ وے ہے۔

سی پیک منصوبے سے باہمی روابط کو مزید استحکام ملے گا۔ صوبہ خیبرپختونخوا اورقبائلی اضلاع قدرتی وسائل، توانائی اور زراعت وجنگلات کی دولت سے مالامال ہیں ، چینی سرمایہ کار ان شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے خود بھی مستفیدہوں اوریہاں انڈسٹری کے فروغ اورروزگار کے مواقع کی فراہمی میں بھی ممدومعاون ہوں۔ وہ گورنر ہاؤس پشاورمیں پیرکے کے روز چینی روڈز بریج کمپنی کے وائس پریذیڈنٹ اوربزنس انویسٹمنٹ کے چیئرمین مسٹرڈانگ بوئنگ کی قیادت میں آئے ہوئے دس رکنی وفد سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خیبرپختونخوا حکومت کے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وائس چیئرمین سیف السلیم الرحمان ، رشکئی سپیشل انڈسٹری زون کے چیف ایگزیکٹیو سید احمد اوردیگرمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ وفد نے گورنرکو یقین دلایا کہ ان کا ادارہ خیبرپختونخوا اورقبائلی اضلاع میں منرل بیسڈانڈسٹری، انرجی اینڈپاور، آئل اینڈگیس اورایگرو بیسڈانڈسٹری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا جائزہ لے گی۔ گورنرنے کہاکہ چینی اداروں کی فنی واقتصادی مہارت، سرمایہ کاری اور ہمارے قدرتی وسائل وافرادی قوت مل کرجوائنٹ وینچر کے تحت باہمی اقتصادی ومعاشی روابط اورتعلقات کو مزید مستحکم کرسکتے ہیں جس کے نتیجے میں یہاں نہ صرف صنعتی وتجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔