وزیراعظم آزاد کشمیر کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور 8 نوجوانوں کی شہادت کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا

پیر 22 اکتوبر 2018 20:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیراعظم آزاد کشمیر کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور 8 نوجوانوں کی شہادت کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سمیت اہم شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی۔

مظفر آباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین ہندوستان کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان مقبوضہ وادی کی صورتحال پر کل جماعتی کانفرنس طلب کریں، اگر حریت قیادت نے کال دی تو لائن آف کنٹرول عبور کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں مودی، نیتن یاہو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ مودی انتخابات میں کامیابی کے لئے کشمیریوں کی نسل کشی کا منصوبہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر سلامتی کونسل میں کشمیریوں کے قتل عام کا معاملہ اٹھایا جائے۔