احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت (کل) تک ملتوی کر دی

نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے ، وکیل خواجہ حارث کی پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کے بیان پر جرح

پیر 22 اکتوبر 2018 20:23

احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف دائر فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت (کل) منگل تک ملتوی کر دی ہے ۔پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے سماعت کی۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے ۔سماعت کے موقع پر محمد نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کے بیان پر جرح کی ۔

سماعت کے دوران خواجہ حارث نے سوال کیا کہ آپ جافزا کا بتائیں کیا اس سے کوئی سرٹیفکیٹ حاصل کیا کہ نواز شریف نے تنخواہ لی ، کیونکہ آپ نے کہا تھا کمپنی کا مالک ملازمین کو ادائیگیوں سے متعلق جافزا کو سرٹیفکیٹ جمع کراتا ہے۔واجد ضیاء نے کہا کہ جافزا اتھارٹی سے ایسا کوئی سرٹیفکیٹ حاصل نہیں کیا۔

(جاری ہے)

واجد ضیا نے کہا کہ ہمارے نوٹس میں آیا تھا کہ کیپیٹل ایف زیڈ ای کی دستاویز متحدہ عرب امارات میں کسی قونصلیٹ سے تصدیق شدہ نہیں، درست ہے کہ دستاویز پر نوازشریف کا نام بھی مختلف انداز میں لکھا تھا، نواز شریف کے انگلش اور عربی والے نام میں فرق تھا، عربی والے کالم میں پورا نام محمد نواز شریف لکھا تھا۔

واجد ضیاء نے بتایا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل کے وقت بریگیڈیئر کامران خورشید کی کیا پوسٹ تھی، مجھے معلوم نہیں، البتہ عرفان نعیم منگی کے خلاف انکوائری کا مجھے علم تھا۔ خواجہ حارث نے پوچھا کہ العزیزیہ ریفرنس میں آپ نے کہا تھا کہ عرفان منگی کے خلاف انکوائری سپریم کورٹ کے حکم پر کی جارہی ہے تو واجد ضیاء نے جواب دیا کہ اس کا مجھے معلوم نہیں۔ دوران سماعت واجد ضیاء نے عدالت نے استدعا کی کہ میں مذید کھڑا نہیں ہو سکتا لہذا عدالت سماعت ملتوی کرے جس پر عدالت نے مزید سماعت منگل تک ملتوی کردی۔