نجی شعبہ برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرے، آٹو انڈسٹری سمیت مقامی مینوفیکچرنگ میں اضافہ سے ملک کو فائدہ ہو گا، عارف علوی

عام آدمی کے فائدہ کیلئے بنائے گئے اداروں کو کرپشن، بدانتظامی اور نااہلی کی وجہ سے بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، ہم سب کو ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ایمانداری، اخلاص اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہو گا،صدر مملکت کی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز کے وفد سے گفتگو

پیر 22 اکتوبر 2018 20:30

نجی شعبہ برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرے، آٹو انڈسٹری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ نجی شعبہ برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرے، اس سے قومی معیشت مستحکم ہو گی،آٹوموبائل انڈسٹری سمیت مقامی مینوفیکچرنگ میں اضافہ سے ملک کو فائدہ ہو گا،عام آدمی کے فائدہ کیلئے بنائے گئے اداروں کو کرپشن، بدانتظامی اور نااہلی کی وجہ سے بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، ہم سب کو ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ایمانداری، اخلاص اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔

صدر مملکت نے یہ بات پیر کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر غضنفر بلور کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔جس نے پیر کو یہاں چیمبر کے صدر غضنفر بلور کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ بجٹ خسارہ میں کمی کیلئے برآمدات میں اضافہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کے پھیلائو کیلئے نئے صنعتی زونز کا قیام بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی زونز اس طرح قائم کئے جائیں جس سے برآمدی شعبہ کو فائدہ ہو اور مینوفیکچرنگ کے تمام شعبوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جانے چاہئیں۔ صدر نے کہا کہ آٹوموبائل انڈسٹری سمیت مقامی مینوفیکچرنگ میں اضافہ سے ملک کو فائدہ ہو گا۔ صدر نے کہا کہ عام آدمی کے فائدہ کیلئے بنائے گئے اداروں کو کرپشن، بدانتظامی اور نااہلی کی وجہ سے بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، ہم سب کو ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ایمانداری، اخلاص اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے کاروباری طبقہ پر زور دیا کہ وہ ملک میں ٹیکس کلچر کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور کہا کہ کاروباری طبقہ کو مزید ریونیو پیدا کرنے کیلئے ٹیکس ادا کرکے ملک کے صحت، تعلیم اور سماجی شعبوں کو مضبوط بنانے میں مدد کرنی چاہئے۔