پاکستان آذربائیجان کیساتھ تمام شعبوں میں روابط کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، ڈاکٹر عارف علوی

دونوں ممالک میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات تلاش کرکے اس تعاون کو مزید تقویت دینے کی ضرور ت ہے، صدر مملکت کی آذربائیجان کی سٹیٹ بارڈر سروس کے سربراہ سے گفتگو

پیر 22 اکتوبر 2018 20:30

پاکستان آذربائیجان کیساتھ تمام شعبوں میں روابط کو مزید فروغ دینے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور قریبی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تمام شعبوں میں روابط کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے،دونوں ممالک میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات تلاش کرکے اس تعاون کو مزید تقویت دینے کی ضرور ت ہے۔

جاری بیان کے مطابق پیر کو آذربائیجان کی سٹیٹ بارڈر سروس کے سربراہ کرنل جنرل ایلچن گولیوف نے ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت عارف علوی نے ملاقات میں اس امر کو اجاگر کیا کہ دونوں ممالک اہم علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور بین الاقوامی فورموں پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں جو باہمی برادرانہ تعلقات کا غماز ہے۔

صدر نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مستحکم ہو رہا ہے اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات تلاش کرکے اس تعاون کو مزید تقویت دینے کی ضرور ت ہے۔ صدر نے کہا کہ ہمارے دوطرفہ اقتصادی تعاون کی موجودہ سطح اپنی حقیقی صلاحیت سے ہم آہنگ نہیں لہٰذا دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ کی ضرورت ہے۔