کشمیری عوام کا حق خود ارادیت دباکر بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کررہا ہے،اعجاز عالم آگسٹین

پیر 22 اکتوبر 2018 20:36

لاہور۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کشمیر میں ہونیوالے مظالم کے حوالے سے اپنے جاری کردہ ایک پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی کی کوشش کی جا رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے ظلم کی نئی داستانیں رقم کی جار ہی ہیں اورکلگام میں ایک ہی دن میں 8کشمیریوں کو شہید کردیا گیا،قابض بھارتی فوج یہ جان لے کہ کرفیو لگاکر یا انٹر نیٹ بند کرکے کشمیریوں کی آزادی کی آواز دبائی نہیں جا سکتی کیونکہ اب سوشل میڈیا کا دور ہے اور دنیا بھر میں ہر خبر دیکھی اور سنی جاتی ہے،صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی بربریت کسی طور بھی منظور نہیں اور کشمیری عوام کا حق خود ارادیت دباکر بھارت سر عام انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے ،انہوں نے کہا ہے کہ بھارت جان لے کہ جتنی شہادتیں بڑھیں گی اتنی ہی انسانیت جاگے گی اور بہت جلد وہ دن بھی آئیگا جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا،صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ اقوام عالم کو ایسی ناقابل برداشت گھنائونی کارروائیوں کا نوٹس لینا ہوگا تاکہ کشمیری عوام کو بھی بھارتی مظالم سے نجات دلوائی جا سکے اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کی مثال قائم کی جا سکے۔