عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے،کمشنر ساہیوال

پیر 22 اکتوبر 2018 20:36

چیچہ وطنی۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس سے عہدہ برا ہونے کیلئے ساہیوا ل ڈویژن میںسالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مختلف شعبوں کی 223سکیموں پر کام جاری ہے ، ان سکیموں پر موجودہ مالی سال کے دوران 7 ارب 77کروڑ 70لاکھ روپے خر چ کئے جائیں گے، متعلقہ محکمے ان سکیموں پر کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنائیں تا کہ عوام ان کے ثمرات سے زیادہ عرصے تک مستفید ہو سکیں، انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے جائزہ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ عبدالغفور چوہدری ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم ، ایس سی ہائی وے اظفر محمود ، ایس سی بلڈنگ ساجد رشید بٹ اور ایس ای اریگیشن محمد اسلام بھٹی کے علاوہ متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی، انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے دور دراز علاقوں میں مقیم عوام کو شہری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کیلئے سکیموں کی بروقت تکمیل کو بھی یقینی بنایا جا ئیگا،کمشنر عارف انور بلوچ نے تمام محکموں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنائیں جس کیلئے مسلسل مانیٹرنگ کا نظام وضع کریں، اجلاس میں ایس ای ہائی وے اظفر محمود نے بتایا کہ ساہیوال شہر کیلئے محکمہ ہائی وے کی دو بڑی سکیموں پر کام جاری ہے جن میں 58کروڑ 63لاکھ روپے کی خطیر رقم سے جھال روڈ پھاٹک پر اوور ہیڈ برج تعمیر کیا جائیگا جس سے جی ٹی روڈ جانے والی ٹریفک کو بڑی آسانی ہو گی، اس پل کے ڈیزائن پر کام جاری ہے، اسی طرح ساہیوال بائی پاس بھی 28کروڑ65لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائیگا، جس سے فیصل آباد جانے والی ہیوی ٹریفک کیلئے متبادل راستہ دستیاب ہو گا ، اس بائی پاس کیلئے زمین کے حصول کا عمل جاری ہے جس کے بعد پہلے مرحلے میں سرور چوک سے ہڑپہ روڈ تک بائی پاس کی تعمیر شروع ہو گی ، اجلا س میں بتایا کہ ساہیوال ڈویژن کے سرکاری سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کے پروگرام پر ایک ارب 84کروڑ 84لاکھ روپے لاگت آئیگی جس پر اب تک ایک ارب66کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔