Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زید سے رابطہ

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی جو انہوں نے قبول کرلی

muhammad ali محمد علی پیر 22 اکتوبر 2018 18:56

وزیراعظم عمران خان کا اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زید سے رابطہ
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اکتوبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان کا اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زید سے رابطہ، متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی جو انہوں نے قبول کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید سے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کیلئے روانہ ہونے سے قبل اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زید سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ اس دوران وزیراعظم عمران خان نے اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زید کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ اماراتی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دی جانے والی دورے کی دعوت قبول کر لی ہے۔ اس دوران دونوں ممالک کے رہنماوں کے درمیان اقتصادی تعاون سے متعلق بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے اماراتی ولی عہد کو حکومت پاکستان کے اقتصادی وژن سے متعلق آگاہ کیا۔ اس موقع پر اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زید نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دہانی کروائی ہے کہ متحدہ عرب امارات اب پاکستان کی بھرپور مدد کرے گا۔ جبکہ شیخ محمد بن زید نے پاکستان کی حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چودھری بھی ہیں، جبکہ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔  وزیراعظم عمران خان  ریاض میں ہونے والی ’’مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع‘‘ کے عنوان پر سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کرینگے۔ ریاض میں ہونے والی کانفرنس کو’’صحرا میں ڈیوس‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ ریاض میں ہونے والی کانفرنس میں دنیا بھر سے ممتاز کاروباری شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ بتایا گیا ہے کہ ریاض کانفرنس میں بڑی کاروباری کمپنیاں اورہائی ٹیک انڈسٹری کے نمائندگان بھی شرکت کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کریں گے۔

سعودی فرمانروا سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کانفرنس کے سیشن جس کا عنوان ’’پاکستان علاقائی ترقی اور استحکام کا مرکز‘‘ ہے، اس سیشن میں شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان میں معاشی گراوٹ اور زرمبادلہ کے ذخائر گرنے کے باعث وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کو بڑی اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سعودی کنگ سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق آگاہ کریں گے اور ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مدد کی درخواست بھی کریں گے۔ اس کے برعکس پی ٹی آئی کی جانب سے سعودی عرب سے امداد لینے کی تمام باتوں کو سیاسی پروپیگنڈا قرار دیا جا رہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات