فرانس، استاد پر کھلونا پستول تاننے والے طالب علم پر فردِ جرم عائد، صدر، وزیر داخلہ کی مذمت

پیر 22 اکتوبر 2018 20:53

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) فرانس میں اپنے استاد پرکھلونا پستول تاننے والے طالب علم پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے نواحی علاقے میں ایک سکول میں پیش آیا۔ واقعے کی وڈیو طالب علم کے ایک ساتھی نے ریکارڈ کی اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس 15 سالہ طالب علم کا کہنا ہے کہ اس نے ایسا ایک مذاق کے طور پر کیا تھا اور اسے معلوم نہیں تھا کہ اس کی ویڈیو بنائی جا رہی ہے حکام نے کارروائی استاد کی شکایت پر کی۔

نوجوان نے اپنے والد کے ہمراہ پولیس کے پاس آکر خود کو حکام کے حوالے کیا نوجوان نے استاد کو چیختے ہوئے کہا کہ وہ سکول رجسٹر میں اس کی حاضری لگائے۔

(جاری ہے)

ایک مقامی اخبار کا کہنا ہے کہ ایڈورڈ برینلی ہائی سکول میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب کلاس میں دیر سے پہنچنے پر اس طالب علم کی غیر حاضری لگائی جا چکی تھی۔فرانسیسی وزیرِ داخلہ کرسٹوفر کاسٹنر نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ادھر فرانسیسی صدر نے بھی ایک ٹویٹر پیغام میں اس واقعے کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔اس حوالے سے حکومت نے آئندہ ہفتے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا بھی اعلان کیا ہے جس میں ملک کے سکولوں میں تشدد کے واقعات کو ختم کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوگی……