Live Updates

عمران خان سرکار کے سو دن پورے ہورہے ہیں ،مدینہ کی طرز پر ریاست بنانے کے وعدے بھی عیاں ہورہے ہیں ، لیاقت بلوچ

حقیقت یہ ہے عمران خان کو حکومت تو مل گئی لیکن حکومت چلانے کا کوئی پہلو بھی عوام کو اعتماد نہیں دے رہا ۔، عوام مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی کا شکار ہیں ۔ سرکاری ادارے عوام کے لیے نیا عذاب بن گئے ہیں عوام کی کوئی شنوائی نہیں،عوام کہہ رہے ہیں کہ حکومت فلاپ ہو رہی ہے، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

پیر 22 اکتوبر 2018 22:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد کے بھائی کی تقریب ولیمہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان سرکار کے سو دن پورے ہورہے ہیں ۔ مدینہ کی طرز پر ریاست بنانے کے وعدے بھی عیاں ہورہے ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ عمران خان کو حکومت تو مل گئی لیکن حکومت چلانے کا کوئی پہلو بھی عوام کو اعتماد نہیں دے رہا ۔

عوام مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی کا شکار ہیں ۔ سرکاری ادارے عوام کے لیے نیا عذاب بن گئے ہیں عوام کی کوئی شنوائی نہیں ۔حیران کن امر ہے کہ عوام کہہ رہے ہیں کہ حکومت فلاپ ہو رہی ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے پاس متحد ہونے کے سوا کوئی چارہ نھیں ۔

(جاری ہے)

حکومتی پالیسیاں بھی ناکام ، عوام کے مسائل میں اضافہ اور وزیراعظم ، وزراء کا اسلوب بیان جلتی پر تیل کا کام کررہاہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر اور افغانستان میں بھارت اور امریکہ کی سرپرستی میں جعلی انتخابات مسائل کا حل نہیں ۔ کشمیریوں کو حق خود ارادیت اور افغانستان کے عوام کو آزاد مرضی سے اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا حق ملناچاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج ظلم کی انتہا کر رہی ہیں ۔ روزانہ کی بنیاد پر درجنوں کشمیریوں کو شہید اور زخمی کیا جارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر خارجہ یواین او جنرل اسمبلی میں اچھی تقریر کے بعد خاموشی کی چادر اوڑھے ہوئے ہیں ۔ بھارتی چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے عالمی محاذ پر مسلسل سفارتی سرگرمیوں کی ضرورت ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات