ربیع الاوّل کے مو قع پر سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی مرمت،اسٹریٹ لائٹس کی درستگی اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ،میئر کراچی وسیم اختر

پیر 22 اکتوبر 2018 22:14

ربیع الاوّل کے مو قع پر سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی مرمت،اسٹریٹ لائٹس کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ فیضان مدینہ یونیورسٹی روڈ کے اطراف سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی مرمت اور استر کاری سمیت اسٹریٹ لائٹس کو درست حالت میں رکھنے اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ ربیع الاوّل کے مو قع پر منعقدہونے والے اجتماعات اور دیگر مذہبی پروگراموں کے انعقاد میں دشواری نہ ہو اور یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی کو بحال رکھا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی صبح اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے دعوت اسلامی کے رکن کو آرڈینیشن کمیٹی محمد یعقوب عطاری اور محمد یحییٰ عطاری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ٹو میئر ایس ایم شکیب اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران دعوت اسلامی کے وفد نے ربیع الاوّل کی آمد کے پیش نظر فیضان مدینہ اور حسین آباد فیڈرل بی ایریا میں دعوت اسلامی کے مراکز کے اطراف صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے، پیڈسٹرین برج پر رنگ روغن اور سڑکوں کی پیوند کاری سمیت مختلف کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی درخواست کی، جس پر میئر کراچی وسیم اختر نے چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی کو ہدایت کی کہ فوری طور پر فیضان مدینہ کا دورہ کریں اور صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کے بعد سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں، انہوں نے الیکٹریکل اینڈ میکینکل ڈپارٹمنٹ کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ تمام اسٹریٹ لائٹس کے نظام کو جلد از جلد بہتر بنایا جائے تاکہ غروب آفتاب کے بعد شہریوں کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے سڑکوں پر کیٹ آئیز لگانے کی ہدایت بھی کی، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ شرقی اور وسطی کے اشتراک سے فیضان مدینہ اور حسین آباد میں سڑکوں کی مرمت ، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی اور دیگر تمام کام ربیع الاول کے آغاز سے قبل ہی مکمل کرلئے جائیں ، انہوں نے کہا کہ فیضان مدینہ میں مذہبی اجتماعات کے موقع پر یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک مینجمنٹ ضروری ہے جبکہ سڑک کے درمیان گرین بیلٹ پر درختوں کی تراش خراش بھی فوری کی جائے تاکہ حادثات سے محفوظ رہا جاسکے، انہوں نے کہا کہ فیضان مدینہ میں ہفتہ وار اجتماع کے موقع پر سٹی وارڈنز کو بھی تعینات کیا جائے گا، اس موقع پر دعوت اسلامی کے وفد نے بتایا کہ دعوت اسلامی کے تحت کراچی میں 18 مقامات پر ربیع الاوّل کے اجتماعات ہونگے، جن کا آغاز 3 نومبر سے ہوجائے گا جن میں بڑی تعداد میں دعوت اسلامی کے ارکان ملک بھر سے اور بیرون ملک سے بھی شرکت متوقع ہے، انہوں نے تعاون فراہم کرنے پر میئر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ربیع الاوّل کے سلسلے میں تمام کام بروقت مکمل کرلئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :