پشاور،نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے تک پہنچانے والی آئس نشہ کے خلاف کاروائی ، بھاری مقدار میں 14.228 کلو گرام آئس برآمد،متعدد منشیات فروش گرفتار

مضر صحت نشہ کے خلاف شعور اُجاگر کرنے کے لیے اعلیٰ پولیس آفسران کا سیمینارز اور واک کا اہتمام

پیر 22 اکتوبر 2018 22:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود کے احکامات کی روشنی میں آئس نشہ کے خلاف صوبہ بھر میں خصوصی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء میں اس مضر صحت نشہ کے خلاف شعور اُجاگر کرنے کے لیے اعلیٰ پولیس آفسران نے سیمینارز اور واک کا اہتمام بھی کیا ہے۔

صوبہ بھر میں اس مضرصحت نشہ کے خلاف خیبر پختونخوا پولیس کی کاروائیاں جاری ہیں اور تعلیمی اداروں کے قُرب و جوار سے بھاری مقدار میں 14.228 کلو گرام آئس برآمد کرکے متعدد منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کردیاہے۔ اس سلسلے میں پشاور پولیس نے سال رواں کے دوران 10.427کلوگرام آئس برآمد کرکے پہلے نمبر پر رہے۔ مردان پولیس 1.800کلوگرام آئس کی برآمدگی کے ساتھ دوسرے اور ڈی آئی خان پولیس 0.214کلوگرام کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نوجوانوں نسل کے مستقبل کو تباہ کرنے کی غرض سے چند مفاد پرست لوگ وقتی فائدے کی خاطراس زہریلے مواد کو پھیلا رہے ہیں۔ اس نشہ کے مضر اثرات میں سے ایک نیند کا ختم ہو جانا ہے یوں اس کا عادی دن رات کی تمیز کئے بغیر تین دن تک جاگ کر گھومتا پھرتا ہے۔اس نشے کا استعمال جرائم پیشہ افراد زیادہ تر جرائم کا ارتکاب کرنے کی غرض سے کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :