فیصل آباد ، صوبہ بھر میں اضافی سرکاری زمینکونیاپاکستان ہائوسنگ پروگرام کے لئے استعمال کی جائے گی ،میاں محمود الرشید

نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام سے اس شعبے سے وابستہ صنعتیں ترقی کریں گی ،قومی مسئلہ حل کرنے کے لئے ماضی کی حکومتوں کو خیال نہ آیا،صوبائی وزیر ہائوسنگ واربن ڈویلپمنٹ کا تقریب سے خطاب

پیر 22 اکتوبر 2018 22:18

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر ہائوسنگ واربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہاہے کہ حکومت پنجاب نے لینڈبینک قائم کرکے صوبہ بھر میں اضافی سرکاری زمین کی نشاندہی کرلی ہے اوریہ زمین نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے لئے استعمال کی جائے گی حکومت اراضی فراہم کرنے کے علاوہ اس پروگرام کو مانیٹر کرے گی جبکہ اندرون اور بیرون ممالک سے سرمایہ کاروں کو گھر بنانے کے کاروبار کی دعوت دیں گے، نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام سے اس شعبے سے وابستہ صنعتیں ترقی کریں گی اور کاروبارکے وسیع مواقع پیدا ہونگے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام ملکی تاریخ کا انقلابی منصوبہ ہے جس کے تحت پانچ سالوں میں 50لاکھ گھر تعمیر کرکے بے گھر افراد کو چھت فراہم کی جائے گی جو سماجی زندگی میں گیم چینجر ثابت ہوگا لیکن یہ قومی مسئلہ حل کرنے کے لئے ماضی کی حکومتوں کو خیال نہ آیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات آرٹ کونسل کے نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت درخواستوں کی رجسٹریشن کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر سوشل ویلفیئرو بیت المال محمد اجمل چیمہ،معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپوٹس و یوتھ آفیئرزملک عمرفاروق،ارکان قومی وصوبائی اسمبلی شیخ خرم شہزاد،فیض اللہ کموکا،نواب شیر وسیر،لطیف نذر،شکیل شاہد،میاں خیال کاسترو،عادل پرویز گجر،سعید احمد سعیدی،فردوس رائے ،چیئرمین ایف ڈی اے ڈاکٹر اسدمعظم،ڈائریکٹر جنرل نادرامیر عالم خاں،ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری،ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے واجد علی،ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران،ڈائریکٹر پراجیکٹ کرنل ثاقب وڑائچ،ڈسٹرکٹ انچارج نادرا محمد سرفراز،رانا ابرار حنیف،درخواست گزار اور سول سوسائٹی کے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔

صوبائی وزیر ہائوسنگ واربن ڈویلپمنٹ نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں ضلع فیصل آباد کا بھی انتخاب کیا گیا ہے جہاں ابتدائی طور پر 5ہزار گھر بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے تاہم ڈیمانڈ کے مطابق گھروں کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں روٹی،کپڑا اور مکان،آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے نام پر سیاسی شعبدہ بازی کی گئی اور بے گھر افراد کو گھر فراہم کرنے کے دعویدار عملی طور پرکچھ نہ کرسکے تاہم وزیر اعظم عمران خاں نے عام آدمی کے مسائل حل کرنے اور انہیں مناسب قیمت پر گھر دینے کے لئے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کا اعلان کیا جس کو اللہ تعالیٰ کی مددونصرت سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا دائرہ تحصیلوں،قصبوں اوردیہاتوں کی سطح تک وسیع کیا جائے گاجبکہ دیہاتوں کو اپنے گھروں کی مزید تعمیر ومرمت کے لئے 2لاکھ سے 5لاکھ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کرنے کے لئے فلاحی تنظیم اخوت کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام پر عملدرآمد کے لئے وفاقی سطح پر ہائوسنگ ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ اپنا گھر ہائوسنگ اتھارٹی بھی قائم کی گئی ہے۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس پراجیکٹ کے تحت الاٹ کئے گئے گھروں کی رعایتی قیمت وصول کی جائے اور اس سلسلے میں حکومت کو قائل کیا جائے گا۔صوبائی وزیر ہائوسنگ نے ضلعی انتظامیہ کے افسران سے کہا کہ فارم جمع کرانے والے درخواست گزاروں کو انتظار وقطار کی زحمت سے بچانے کے لئے نادرا کے اضافی کائونڑز قائم کئے جائیں جبکہ شہریوں سے شائستہ رویہ اپنائیں اوران کی عزت نفس مجروح نہیں ہونی چاہیے کیونکہ وہ بھی پاکستان کے معززشہری ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خلوص نیت سے عوامی خدمت کے مشن کی جانب گامزن ہے۔