سعودی حکومت نے دو ہزار ریال عمرہ فیس کے خاتمے کی مکہ ایوانِ صنعت وتجارت کی تجویزکومسترد کردیا

سعودی حکومت کا فیصلہ برقرار ہے ،خبریں بے بنیاد ہیں،سابق چیئرمین حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن

پیر 22 اکتوبر 2018 22:18

سعودی حکومت نے دو ہزار ریال عمرہ فیس کے خاتمے کی مکہ ایوانِ صنعت وتجارت ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) سعودی حکومت نے دو ہزار ریال عمرہ فیس کے خاتمے کی مکہ ایوانِ صنعت وتجارت کی تجویزکومسترد کردیا جبکہ اکتوبر 2016کے بعدعمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں اور اس کے بعد ہر دو سال بعد دو ہزار ریال فیس ادا کرنا ہو گا۔سعودی حکومت کا فیصلہ برقرار ہے خبریں بے بنیاد ہیں آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین حافظ شفیق کاشف نے دورہ سعودی عرب سے واپسی پر بتایا کہ دو ہزار ریال عمرہ فیس کے خاتمے کے سلسلہ میں پاکستان میں سعودی سفارت خانہ نے وضاحت جاری کردی ہے۔

کہ مکہ ایوانِ صنعت وتجارت نے بھی عمرہ فیس ختم کرنے کی سفارش کی تھی جسے مسترد کردیا گیاتھااور اب سعودی حکومت کی طرف سے یہ واضح کردیا گیا ہے کہ دو ہزار ریال فیس کے خاتمے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے اکتوبر 2016کے بعدعمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں اور اس کے بعد ہر دو سال بعد دو ہزار ریال فیس ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

حافظ شفیق کاشف نے کہا کہ انہوں نے اپنے دورہ سعودی عرب میں اعلیٰ سرکاری و غیر سرکاری شخصیات کے سامنے اپنا موقف پیش کیا کہ پاکستان کی عمرہ انڈسٹری دو ہزار ریال فیس سے شدید متاثر ہوئی ہے لہٰذا اس پر نظر ثانی کی جائے تاہم سعودی حکام نے اس بات کی سختی سے تردیدکی کہ سعودی حکومت نے کسی بھی مرحلہ پر اس میں نظر ثانی کی یقین دہانی کروائی ہے لہٰذا سوشل میڈیا میں آنے والی ایسی سب خبریں اور اطلا عات بے بنیاد ہیں۔

حافظ شفیق کاشف نے سعودی عرب کے نجی شعبے کے ساتھ مل کر موجودہ صورت حال پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور عمرہ زائرین کو اضافی بوجھ سے بچانے کے لیئے حکمتِ عملی تیار کرنے پر زور دیا۔