مہمند، مختلف دیہاتوں کے عوام کا بجلی کی مسلسل بندش کے خلا ف احتجاجی مظاہرہ

پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ دو گھنٹوں تک ہر قسم ٹریفک کیلئے بند رہی، بجلی کی مسلسل بندش سے پورے علاقے میں پانی ناپید ہو چکا

پیر 22 اکتوبر 2018 22:20

مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) مہمند، کمالی حلیمزئی کے مختلف دیہاتوں کے عوام کا بجلی کی مسلسل بندش کے خلا ف احتجاجی مظاہرہ۔ مظاہرے کے دوران پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ دو گھنٹوں تک ہر قسم ٹریفک کیلئے بند رہا۔ بجلی کی مسلسل بندش سے پورے علاقے میں پانی ناپید ہو چکا ہے۔ علاقے کے فیڈر سے ماربل کارخانوں کو غیر قانونی بجلی فراہم کی جاتی ہے۔

مظاہرین سے ملک سلمان خان کا خطاب۔ تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع مہمند کمالی حلیمزئی نحقی میںبجلی کی مسلسل بندش کے خلاف مختلف دیہاتوں کے عوام نے پیر کے روز پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کے دوران روڈ کو تقریباً 2 گھنٹوں تک ہر قسم ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا تھا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے ملک سلمان خان نے کہا کہ ہمارے لکڑوں لائن پر ماربل کارخانوں کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے ہماری بجلی مسلسل پانچ دنوں سے غائب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی مسلسل بندش سے پورے علاقے میں پانی ناپید ہو چکا ہے۔ جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے کے فیڈر سے ماربل کارخانوں کے کنکشن ختم کر کے ہمیں بجلی بحال کیا جائے۔ بصورت دیگر کسی قسم کے احتجاج سے گریز نہیں کرینگے۔ بعد میں پولیٹیکل تحصیلدار حلیمزئی اور واپڈا حکام کی مداخلت اور مذاکرات سے بجلی بحالی اور لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین نے روڈ کھول کر پر امن منتشر ہوئے۔