کسی بھی قوم کی ترقی میں خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،جام کمال خان

آج کی خواتین طب، انجینئرنگ ، ہوابازی اور آرمڈ فورسزسمیت زندگی کے دیگر شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں،وزیراعلی بلوچستان

پیر 22 اکتوبر 2018 22:54

کسی بھی قوم کی ترقی میں خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ..
گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ بچیوں کے لئے تعلیم اتنی ہی ضروری ہے جتنی کہ بچوں کے لئے، کسی بھی قوم کی ترقی میں خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، آج کی خواتین طب، انجینئرنگ ، ہوابازی اور آرمڈ فورسزسمیت زندگی کے دیگر شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں، ہمارے صوبے کی بچیوں کے لئے بھی تمام راستے کھلے ہیں وہ کسی بھی شعبہ میں جاکر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہیں تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی توجہ حصول علم کی جانب مبذول رکھیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز کالج گوادر کے دورے کے موقع پر طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزراء سردار عبدالرحمن کھیتران، نورمحمد دمڑ، میر ظہور بلیدی، کمشنر مکران اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کالج کی مختلف کلاسز کامعائنہ کیا اور طالبات سے ان کے مضامین کے حوالے سے بات چیت کی اور سوالات پوچھے۔ وزیراعلیٰ نے طالبات سے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ عصر حاضر کی اہم ترین ضرورت ہے، حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ والدین، اساتذہ اور سب سے بڑھ کر خودطلباء کو تعلیم کی بہتری کے لئے کردار ادا کرنا چاہئے، حکومت اچھے تعلیمی ادارے اورسہولیات تو فراہم کرسکتی ہے او ر کربھی رہی ہے تاہم ہم تعلیم کے فروغ کا ہدف اس وقت تک حاصل نہیں کرسکتے جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز سنجیدگی کا مظاہر ہ نہ کریں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمارتیں بنانا بڑا کام نہیں اپنی نوجوان نسل کی کردار اور اعتماد سازی اہم مقصد ہے، جب تک ہم اپنے نوجوانوں کو صحیح سمت میں رہنمائی فراہم نہیں کرتے وہ منزل مقصود تک نہیں پہنچ پائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ ابھی سے اپنے رحجان کے مطابق عملی زندگی کے لئے کسی بھی شعبے کا انتخاب کریں، لائبریری جانے اور کتب بینی کی عادت اپنائیں اور انٹرنیٹ جیسی تمام جدید سہولتوں کے ذریعہ اپنے مطالعہ کو وسیع کریں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر میں تربت یونیورسٹی کا کیمپس قائم ہے اور جلد یہاں گوادر یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے، اس کے علاوہ جیونی، پسنی اوراورماڑہ میں بھی ضرورت کے مطابق گرلز ہائی اسکول اور گرلز کالجز کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر طالبات کی جانب سے پوچھے گہے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران کالج کی اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ بطور استاد اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور طالبات میں اعتماد پیدا کرکے ان میںقائدانہ صلاحیتیں اجاگرکریں۔

متعلقہ عنوان :