سابق صدر آصف علی زرداری ،مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے انکی رہائش گاہ پہنچ گئے

نئیر بخاری، منظور وٹو اور راجہ پرویز مشرف بھی سابق صدر کے ہمراہ ،اہم فیصلہ ہونے کا امکان ہے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر اکتوبر 20:13

سابق صدر آصف علی زرداری ،مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے انکی رہائش ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-22 اکتوبر 2018ء) : سابق صدر آصف علی زرداری ،مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کے علاوہ اہم فیصلے کئیے جا سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے لیے الیکشن 2018 ایک ڈراونا خواب بن کر ثابت ہوئے۔یہ انتخابات جہاں وزیراعظم عمران خان کے لیے نیک شگونی کا پیغام ثابت ہوئے وہیں مولانا فضل الرحمان کے لیے زوال کا پیغام لائے۔

الیکشن کے بعد مولانا نے انتخابات پر دھاندلی کا الزام لگا کر حلف اٹھانے سے انکار کرنے کے لیے اپوزیشن کو اکٹھا کیا تو اپوزیشن نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔14 اگست نہ منانے کا بیان دیا تو اس پر بھی شدید عوامی ردعمل دیکھنے کو ملا۔مولانا فضل الرحمان کے بیٹے مولانا اسعد الرحمان نے ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن لڑا تو اس میں بھی شکست ہوئی۔

(جاری ہے)

تاہم مولانا فضل الرحمان نے ہمت نہ ہارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر حکومت کا بوریا بسترا گول کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ایک بار پھر اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس بنانے کے لئے سرگرم عمل ہوگئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدرآ صف علی زرداری کے درمیان ملاقات کرانے کی کوشش کر رہے ہیں جو اپوزیشن جماعتوں کے آئندہ چند دنوں میں ہونے والے اجلاس میں ہونے کا امکان ہے۔

اس سلسلے میں اہم ترین پیش رفت سامنے آئی ہے۔سابق صدر آصف زرداری مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرنے انکی رہائش گاہ پر پہنچ چکے ہیں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نئیر بخاری اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف بھی آصف زرداری کے ہمراہ ہیں۔اس ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان ،سابق صدر آصف زرداری کو نواز شریف سے ملاقات کے لیے راضی کر سکتے ہیں اور اگر ایسا ہوا تو ملک کا سیاسی منظر نامہ بڑی تبدیلیوں کا سامنا کرسکتا ہے۔